سعودی کوچ اپنے فٹبالرز کے پرولیگ کلب میں کھیلنے سے گریز پر غصہ
جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں انڈونیشیا کے خلاف میچ 1-1 سے برابر رہا تھا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سعودی عرب فٹبال ٹیم کے اطالوی ہیڈ کوچ روبرٹو مانسینی نے فٹبالرز کے پرو لیگ میں کھیلنے سے گریز اور مستقل وقت کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے فیفا عالمی کپ 2026کے کوالیفائر مقابلوں میں ملنے والے مواقع کو کھو دینے پربھی تشویش ظاہر کی۔مانسینی کا کہنا ہے کہ کوریا، اردن، اور انڈونیشیا کی ٹیموں کے خلاف پنالٹی سمیت واضح مواقع گنوا دیے گئے۔
مانسینی نے سعودی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنے ملک کی لیگ میں باقاعدہ کھیلنے کا وقت نہ ملنے کے مسئلے کو بھی اہم قرار دیا اور کہا کہ ہمارے بہترین کھلاڑی باقاعدگی سے کلب فٹبال کھیلنے سے گریزکرتے ہیں، ہمارے اسکواڈ کے20 کھلاڑی سعودی لیگ میں باقاعدہ شرکت نہیں کرہے۔مانسینی کا کہنا ہے کہ فوری طور پر اس کا سدباب ممکن نہیں ہے، ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفکیشن کی جگہ حاصل کرنے کے لییسعودی ٹیم کو آئندہ میچز میں اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہوگی۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے ایشین کوالیفائرزکے تیسرے راونڈ میں اپنی مہم کا آغاز کرنے والی سعودی ٹیم کا جدہ کے کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں انڈونیشیا کے خلاف میچ 1-1 سے برابر رہا تھا جبکہ منگل کو دوسرے رائونڈمیں سعودی عرب کا چین سے مقابلہ طے ہے۔سخت اور مشکل گروپ سی میں سعودی عرب کے ساتھ آسٹریلیا، جاپان، چین، بحرین اورانڈونیشیا شامل ہیں،ہرگروپ سے ٹاپ اور رنر اپ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گے جبکہ چھ دیگر ٹیمیں مختلف مقامات سے فائنل پلے آف میں مقابلہ کریں گی۔