شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری ، ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت کیلئے آئی سی سی کا نیا پلان متعارف
ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیموں کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز، بھارت ، آسٹریلیا، پاکستان، نیوزی لینڈ ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا ٹاپ ٹیئر میں شامل
ممبئی (سپورٹس ڈیسک) شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت کے لئے آئی سی سی نے نیا پلان متعارف کروا دیا ہے ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے نئے چیئرمین جے شاہ کا ایک مجوزہ منصوبہ کرکٹ کے حلقوں میں موضوعِ بحث ہے۔ اس منصوبے کے تحت ٹیسٹ ٹیموں کو دو درجوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے۔ بعض کرکٹ ماہرین اور سابق کھلاڑی اس تجویز سے اختلاف کر رہے ہیں جب کہ بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ اس سے غیر مقبول ہوتی ہوئی ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ دلچسپی پیدا ہو گی۔ مجوزہ منصوبے کے تحت 2027 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام کے بعد بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، پاکستان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو ٹاپ ٹیئر جب کہ ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، افغانستان، زمبابوے اور آئرلینڈ کو ‘سیکنڈ ٹیئر’ میں رکھا جائے گا۔ اس طرح اسے سات، پانچ میں تقسیم کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل ‘بگ تھری’ آپس میں زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان حالیہ ٹیسٹ سیریز کے بعد مذکورہ مجوزہ سامنے آیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں لگ بھگ پونے چار لاکھ شائقین نے گرانڈ کا رخ کیا تھا۔ بھارت کی ٹیم نے پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس سے براڈ کاسٹرز اچھے ریونیو کی توقع کر رہے ہیں۔ گزشتہ برس انگلینڈ کے ہوم سیزن کے دوران سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے دورہ کیا تھا جس میں زیادہ شائقین گرانڈ میں نہیں آئے تھے۔