کھیل

شاہد آفریدی کی متنازع وائرل تصویر‘ریحام بھی کود پڑیں

ریحام خان نے لکھا کہ 'میں شاہد آفریدی-اسرائیل تنازع سے بے خبر ہوں، بس اِتنا کہہ سکتی ہوں کہ ہماری مشہور شخصیات کو انگریزی سیکھنے کی ضرورت ہے

لاہور(سپورٹس ڈیسک) مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی نے اپنی متنازع تصویر پر وضاحت جاری کردی ہے جس کی بنیاد پر انہیں ‘اسرائیل کا حامی’ قرار دیا جارہا تھا۔ اِس تصویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا تھا جس میں شاہد آفریدی کو مبینہ طور پر ایک اسرائیلی تنظیم کے احتجاج میں شریک دیکھا گیا۔صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں یہودی تنظیم ‘نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل’ کے عہدیداران کے ساتھ اس احتجاج میں شامل ہو کر تصویر کھنچوائی جو کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی رہائی کیلئے آرگنائز کیا گیا تھا۔یہ تصویر ‘نارتھ ویسٹ فرینڈز آف اسرائیل’ کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی تھی جس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ‘پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے مانچسٹر میں اتوار کو اسرائیلی یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے ہماری احتجاج میں شرکت کی اور حمایت کا اظہار کیا

تاہم شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنی ایک تازہ پوسٹ میں اِس متنازع تصویر کی حقیقت بیان کردی ہے۔شاہد آفریدی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ‘تصور کریں کہ آپ مانچسٹر (برطانیہ) میں ایک سڑک پر ٹہل رہے ہوں، اس دوران آپ کے فین ہونے کے دعویدار کچھ لوگ نمودار ہوں اور آپ کے ساتھ سیلفی لینے کی فرمائش کریں، آپ اُن کی درخواست قبول کرکے تصویر کھچوالیں اور چند لمحوں بعد وہ اِس تصویر کو صیہونیوں کے کسی مؤقف کی توثیق کے طور پر پوسٹ کردیں ‘۔انہوں نے لکھا کہ ‘یہ سب انتہائی ناقابل یقین ہے، براہ کرم انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی ہر چیز پر یقین نہ کریں، فلسطین میں معصوم جانوں کو اذیت میں مبتلا دیکھ کر میرا دل دہل جاتا ہے’۔مانچسٹر میں کھینچی گئی کوئی بھی تصویر کسی بھی ایسے معاملے میں میری حمایت کی عکاسی نہیں کرتی جس میں انسانی جانیں خطرے میں ہوں

شاہد آفریدی کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر کئی صارفین کی جانب سے اُن پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور اُن کا نام ‘ایکس’ پر مسلسل ٹرینڈ کررہا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان بھی پیچھے نہ رہیں جنہوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے معروف شخصیات کو انوکھا مشورہ دے دیا۔ریحام خان نے لکھا کہ ‘میں شاہد آفریدی-اسرائیل تنازع سے بے خبر ہوں، بس اِتنا کہہ سکتی ہوں کہ ہماری مشہور شخصیات کو انگریزی سیکھنے کی ضرورت ہے یا کوئی معاون ساتھ رکھ لیا کریں جو انگریزی جانتا ہو’۔اس پوسٹ کے بعد بعض صارفین نے ریحام خان کو توجہ دلائی کہ یہودی تنظیم کے احتجاج میں پلے کارڈز اور لیف لیٹس پر انگریزی نہیں بلکہ ہیبریو زبان درج تھی جسے اسرائیل میں سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے

سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ان لوگوں نے شاہد آفریدی کو زبردستی اس معاملے میں گھسیٹ لیا تھا، یہ بہت نیچ حرکت ہے مگر صہیونیوں سے آپ اور کیا توقع کر سکتے ہیں ‘۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button