شاہین آفریدی کا نامناسب رویہ’تمام تفصیلات آگئیں
شاہین کی بیٹنگ کوچ اور سلیکٹر محمد یوسف سے مبینہ جھڑپ ہوئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے کوچز اور سلیکٹر کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کاغیر ملکی دوروں کے دوران رویہ مبینہ طور پر غیرمناسب رہا۔انگلینڈ کے دورے میں ہیڈنگلے لیڈز میں شاہین کی بیٹنگ کوچ اور سلیکٹر محمد یوسف سے مبینہ جھڑپ ہوئی۔منیجرز لڑائی جھگڑے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہے اور انہوں نے فاسٹ بولر کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔
انگلینڈ کے دورے کے بعد محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ کے عہدے سے ہٹا کر واپس بھیج دیا گیا اور ہیڈ کوچ گیری کرسٹین بیٹنگ کوچ بن گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض اور عبدالرزاق نے کچھ کھلاڑیوں کو غیرضروری طور پر سپورٹ کیا۔ہیڈنگلے میں شاہین کی بولنگ پریکٹس کے دوران محمد یوسف کی جانب سے نو بالز کی بار بارنشاندہی پر شاہین نے کہا کہ ‘مجھے پریکٹس کرنے دیں، بیچ میں نہ بولیں’، جس پر دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کر گئی تھی۔تلخی کے واقعے پر ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کی سرزنش کی تھی جس پر شاہین آفریدی نے ٹیم کے سامنے اپنے رویے پر محمد یوسف سے معافی مانگ لی تھی۔
پی سی بی نے اس بات کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ شاہین کیخلاف ایکشن کیوں نہیں لیا گیا جبکہ ٹیم میں لابی بنانے والے کھلاڑیوں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔کوچز نے ورلڈ کپ کے بعد محسن نقوی کو جو رپورٹ دی اس میں کئی کھلاڑیوں کے رویے کو غیر سنجیدہ قرار دیا گیا اور کوچز نے انہیں تمام صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں ذرائع کا دعوی ہے کہ شاہین آفریدی کا منیجمنٹ اسٹاف کے ساتھ بھی رویہ غیرمناسب رہا۔ذرائع کے مطابق امریکا میں کھلاڑی کرکٹ کے بجائے دعوتوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے تھے، وہاب ریاض اور منصور رانا کرکٹرز کیساتھ دعوتوں میں جاتے رہے اور انہیں کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ شاہین آفریدی حالیہ ٹورز کے دوران کوچز اور منجمنٹ اسٹاف کے ساتھ برے برتاو سے پیش آئے۔مینجرز نے شاہین آفریدی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا حالانکہ ٹورز کے دوران ڈسپلن برقرار رکھنا مینجرز کی ذمہ داری تھی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو ہٹانے کا فیصلہ کیا۔ذرائع نے دعوی کیا کہ ورلڈ کپ کے دوران شاہین آفریدی کا رویہ مبینہ طور پر درست نہ تھا اور ٹیم مینجر وہاب ریاض نے شاہین آفریدی کی ڈسپلن کی خلاف ورزی کو نظرانداز کیا، لہذا اس چیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔