فاسٹ بالرمحمدعامراب کونسی کاؤنٹی کی طرف سے کھیلیں گے؟
محمد عامر بطور اوور سیز پلیئر اگلے سیزن کے پہلے ہاف کے لیے دستیاب ہوں گے، قومی فاسٹ بولر وٹالٹی بلاسٹ کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز کھیلیں گے
لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کا کاؤنٹی کرکٹ میں معاہدہ ہوگیا، ڈربی شائر نے محمد عامر کےساتھ 2024 سیز ن کے لیے معاہدہ کر لیا۔ محمد عامر بطور اوور سیز پلیئر اگلے سیزن کے پہلے ہاف کے لیے دستیاب ہوں گے، قومی فاسٹ بولر وٹالٹی بلاسٹ کے گروپ اسٹیج کے تمام میچز کھیلیں گے۔ عامر اس سے پہلے ایسیکس اور گلوسٹرشائر کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔
اس حوالے سے کرکٹ ہیڈ ڈربی شائر مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر دنیا کے بہترین بولر ہیں، مجھے خوشی ہے کہ ڈربی شائر میں ان کی واپسی ہوئی ہے، عامر ہماری ریڈ بال اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تمام بولرز کو لیڈکریں گے۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ مجھے عامر کی تمام خصوصیات کا اندازہ ہے،امید ہے کہ ڈربی شائر کے تمام چاہنے والے محمد عامر کو سپورٹ کریں گے۔
دوسری جانب محمد عامر نے کہا کہ میری کرکٹ کے تجربات ماضی میں کاؤنٹی کرکٹ اور مکی آرتھر کے ساتھ بہترین رہے ہیں،کاؤنٹی چیمپئن شپ کو ہمیشہ انجوائے کیا اور بہت کچھ سیکھا ہے،اپنے تجربے سے ڈربی شائر کی ریڈ بال اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں فائدہ دینے کی کوشش کروں گا۔