کھیل

ورلڈکپ میں کھلاڑیوں کی فیملیاں، سابق کرکٹرنے پردہ چاک کردیا

ایسا محسوس ہوا کھلاڑی آفیشل ڈیوٹی پر نہیں چھٹیوں پر ہیں، عتیق الزمان

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ ٹیم مسلسل تنقید کی زد میں ہے۔امریکہ اور بھارت کے خلاف میچ میں شکست عالمی ایونٹ سے قومی ٹیم کے جلد باہر ہونے کا سبب بنی، جس کے بعد سے سابق کرکٹرز اور اسپورٹس تجزیہ کار مسلسل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔سابق کرکٹر عتیق الزمان نے بھی قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں کی سیروتفریح پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں عتیق الزمان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کی سرگرمیوں سے ایسا محسوس ہوا کہ وہ کسی آفیشل ڈیوٹی پر نہیں بلکہ چھٹیوں پر ہیں۔عتیق الزمان نے کہا کہ ‘آپ نے اتنا ڈرامہ کیا ہوا ہے، ہمارے زمانے میں ایک کوچ ہوا کرتا تھا، ساتھ ایک مینیجر ہوتا تھا اور بس اسی طرح پوری ٹیم چلتی تھی، اب آپ نے پوری ٹیم کھڑی کردی ہے، آپ کے 17 لوگ ہیں آفیشلز میں اور 17 کھلاڑی ہیں، سنا ہے کے آپ نے کمرے بھی 60 بک کروائے تھے، یہ کیا مذاق ہے، آپ وہاں کرکٹ کھیلنے گئے ہیں یا چھٹیاں منانے گئے ہیں؟’۔

عتیق الزمان نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘اتنے بڑے ایونٹس میں کھلاڑیوں کے ساتھ فیملیز کو جانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے کیونکہ پھر کھلاڑی اپنی بیویوں کے ساتھ گھومنے میں زیادہ وقت گزار دیتے ہیں، جیسے وہ چھٹیاں منانے آئے ہوئے ہوں ‘۔انہوں نے کہا کہ ‘آپ فیملیز کو اتنے بڑے ایونٹس میں ساتھ جانے کی اجازت کیوں دیتے ہیں؟ چھوٹے ایونٹس میں سمجھ آتا ہے کہ بیگم جان نہیں چھوڑتی، لیکن آپ نے تو عادت بنا دی ہے، پھر یہی ہوتا ہے کہ ان کا کرکٹ سے فوکس ہٹ جاتا ہے، بیوی بچوں پر ہی فوکس رہتا ہے، رات کو ٹیک اوے پر کھانے کھا رہے ہوتے ہیں، وہیں پر ان کی فلمیں چل رہی ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ میں ایسا کلچر بنا دیا گیا ہے کہ کوئی نہیں جانتا کہ نظم و ضبط کیا ہے، آپ اتنا بڑا ایونٹ کھیلنے گئے ہیں، آپ کا فوکس کدھر ہے؟ کیا آپ 2 ہفتے کے لیے باقی سب کچھ چھوڑ کر صرف کرکٹ پر توجہ نہیں دے سکتے؟ آپ سالانہ کروڑوں روپے کس لیے لے رہے ہو؟واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے سپر 8 راؤنڈ تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے مرحلے کے 2 میچز میں شکست ہوئی تھی جس میں قومی ٹیم کو امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جبکہ قومی ٹیم، بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button