ورلڈ کپ 2023، بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست، نصرت جاوید نے سارا ملبہ پی سی بی پر ڈال دیا
کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت سے ملنے والی بدترین شکست نے صرف کھلاڑیوں نہیں بورڈ کی تمام خامیوں کو بے نقاب کردیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک) ورلڈ کپ 2023ء میں قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد صحافی نصرت جاوید نے سارا ملبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ پر ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار نصرت جاوید نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت سے ملنے والی بدترین شکست نے صرف کھلاڑیوں نہیں بورڈ کی تمام خامیوں کو بے نقاب کردیا ۔قومی ٹیم کے ڈھیر ہوجانے کا بنیادی سبب پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ ہے۔اس کے پھنے خان بنے اہم عہدیداروں خاص طورپر ٹیم منتخب کرنے اور انھیں تربیت دینے وا لوں کو اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے گھرجانا ہوگا۔
نصرت جاوید نے لکھا کہ میچ کے ابتدائی مراحل میں ہمارے لڑکے مذکورہ توقعات پر اترتے نظر آئے۔ تیسرے بلے باز کے آٹ ہوتے ہی مگر معاملات ان کے ہاتھ سے نکل گئے۔ سوشل میڈیا دیکھا تو ٹیم کو نہایت حقارت سے برابھلا کہا جارہا تھا۔ اس کالم کے ذریعے اصرار کررہا ہوں کہ کرکٹ ٹیم بنائی جاتی ہے ۔ازخود پاٹے خان نہیں بن جاتی۔ نصرت جاوید نے لکھا کہ قیام پاکستان کے فوری بعد اگر ہمیں کاردار جیسے کپتان اور منیجر میسر نہ ہوتے تو شاید فضل محمود جیسے کھلاڑ ی بھی دریافت نہ ہوتے جنھوں نے اوول کے گرانڈ میں برطانیہ کو تھلے لگادیا تھا۔ انگریز کی غلامی سے آزاد ہونے کے چند ہی ماہ بعد اس میچ نے ہماری قوم کو خود پر اعتماد کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا حوصلہ فراہم کیا۔
ان کے مطابق فقط فاسٹ بالر پر انحصار کی عادت ہی نے بتدریج ہمیں یہ حقیقت فراموش کرنے کی عادت ڈالی کہ کرکٹ کا میچ جینے کے لیے خواہ وہ T-20ہی کیوں نہ ہو آپ کو 11کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں کم از کم 5سے 6ماہر بلے باز بھی درکار ہوتے ہیں۔ ہم ایسے بلے باز تیا ر نہیں کرپائے ۔اس کے علاوہ کئی نفسیاتی مسائل بھی ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے یہ بات عیاں ہورہی ہے کہ میچ شروع ہونے کے چند ہی گیندوں کے بعد اگراوپنر اور اس کے بعد تیسرے نمبر پر آیا کھلاڑی بھی آٹ ہوجائے تو باقی رہ گئے کھلاڑی میچسنبھال نہیں پاتے۔یکدم ڈھیر ہوجاتے ہیں۔
نصرت جاوید کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ احمد آباد میں میچ کھیلتے ہوئے پاکستان کے لڑکوں نے ان تمام خامیوں کو ہماری اجتماعی شرمندگی اور غصے کے لیے بے نقاب کردیا ہے۔ٹیم کے ڈھیر ہوجانے کا بنیادی سبب پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ ہے۔اس کے پھنے خان بنے اہم عہدے داروں خاص طورپر ٹیم منتخب کرنے اور انھیں تربیت دینے وا لوں کو اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے گھرجانا ہوگا۔