پاکستان سپورٹس بورڈ نے 44 مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تمام اسپورٹس فیڈریشنز سے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی ہیں، گزشتہ مالی سال کی آڈٹ رپورٹ اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 44 مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کو مالی معاملات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنیبہ کی ہے کہ تفصیلات جمع نہ کرانے والی فیڈریشنز کی فنڈنگ روکی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے جاری کردہ خط میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تمام اسپورٹس فیڈریشنز سے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کی ہیں، ان تفصیلات میں گزشتہ مالی سال کی آڈٹ رپورٹ اور بینک اکانٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کھیلوں کی فیڈریشنز اپنے سالانہ آڈٹ شدہ اکاؤنٹس اور بینک اسٹیٹمنٹس 15 ستمبر 2024ء تک جمع کرائیں۔ فیڈریشنز کو 30 جون 2024ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے مکمل آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہیں جن کی تصدیق تسلیم شدہ چارٹرڈ اکانٹنٹ فرم سے کرانا لازمی ہوگی۔ خط کے مطابق فیڈریشنز کو 01 جنوری 2023ء سے 31 اگست 2024ء تک کی مدت کے تمام بینک اکاؤنٹس کے تصدیق شدہ اسٹیٹمنٹس جمع کرانے کو بھی کہا گیا ہے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فنڈز کا درست استعمال ہو اور اس کا فائدہ ان کھلاڑیوں کو پہنچے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشنز پر واضح کیا ہے کہ دستاویزات کی عدم فراہمی کی صورت میں فیڈریشنز کی مستقبل کی مالی معاونت روکی جاسکتی ہے۔