دوسرا ون ڈے’ پاکستان نے شکست کا بدلہ لے لیا، سیریز 1-1سے برابر
ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی
ایڈیلیڈ(سپورٹس ڈیسک)ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی۔ اس میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے دیے گئے ہدف کو کامیابی سے حاصل کیا۔ اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب صائم ایوب 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے ٹیم کی فتح کی راہ ہموار کی۔ عبد اللہ شفیق 64 اور بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے واحد وکٹ حاصل کی، انہوں نے 44 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
قبل ازیں، پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں رہا، شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی جیک فریسر اور میتھیو شارٹ کو پویلین واپس بھیجا۔ پھر حارث رؤف نے جوش انگلس اور مارنس لبوشین کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد محمد حسنین نے اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا، اور حارث نے ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو بھی آؤٹ کیا۔مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا، اور آخری وکٹ پیٹ کمنز کی حارث رؤف نے حاصل کی۔ پاکستان کی باؤلنگ لائن اپ نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے تمام کھلاڑیوں کو 167 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ حارث رؤف نے 29 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اور ایک ایک وکٹ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے حاصل کی۔پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے اس جیت کو اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس سیریز کو برابر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔