کھیل

پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری،آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی بارے فیصلہ دیدیا

ابھی تک کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا:جیوف ایلارڈ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمیئنز ٹرافی سے متعلق اپنا موقف دے دیا، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو پاکستان سے منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ابھی تک کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان سمیت اپنے رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا ہے، ٹورنامنٹ پاکستان میں ہونا کوئی مشکل بات نہیں ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ابھی تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اس وقت ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن ہے، کیونکہ سابق کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر 2017 میں کرکٹ چیمپئنز بنے تھے۔ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران دبئی میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے جیوف نے ٹورنامنٹ کے مقام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس کی کامیاب میزبانی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان سمیت اپنے رکن ممالک کے باقاعدہ دورے کرتا رہا۔

جیوف نے کہا کہ سابقہ چیلنجز کے باوجود انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام شریک ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، جسے منی ورلڈ کپ کے نام سے جانا جاتا ہے، 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر 8ایلیٹ ٹیمیں شامل ہیں۔جن میں بھارت، پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔ تاہم، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز اس ایڈیشن میں مدمقابل نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے، جیوف نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے پاکستان کی صلاحیت پر آئی سی سی کے اعتماد پر زور دیا اور عالمی کرکٹ کی ترقی اور بین الاقوامی مشغولیت کو آگے بڑھانے کے لیے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔واضح رہے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ، جو اصل میں بنگلہ دیش میں ہونا تھا، بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے اب دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 3 اکتوبر سے ہوگا جس کا فائنل 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button