کرکٹ میں سرجری ابھی باقی ہے:محسن نقوی
اچانک سرجری کی سے 4،5 کے گلے کیسے کاٹ دوں، پہلے پول بننے دیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کہتے ہیں کہ لوگ سرجری کی بات کرتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ 4،5 کے گلے کاٹ دوں، ایسا نہیں ہوتا، پہلے پول بننے دیں، بیک اپ ہوگا تو پھر سرجری بھی ہوگی۔ سرجری ابھی باقی ہے پہلے آلات تو مکمل ہونے دیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے سب معاملات کو ٹھیک کرکے جاں گا، میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ گھمائوں گا اور سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں، خرابی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش سے شکست بہت مایوس کن ہے، چیمپئنز کپ ستمبر کے آخر میں مکمل ہوگا تو پرفارمنس والے آگے آجائیں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے لڑکے نکالے ہیں، 17 کھلاڑی ہیں اب کھلانا کوچ اور کپتان کا کام ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ وقار یونس نے مینٹورز کے حوالے سے مدد کی ہے، وقاریونس نے ہی ایک ٹیم سنبھالنی تھی، اب وہ باقاعدہ طور پر ٹیم سنبھالیں گے۔ مجھے آئے ہوئے 5،7 مہینے ہوئے ہیں پوری کوشش کررہا ہوں کہ حالات کو بہتر کر لوں۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ پچ کی رپورٹ مانگی ہے وہ کل تک مل جائیگی، شکست پر افسوس ہوا ہے۔ بہتری کی کوشش کررہے ہیں تھوڑا وقت لگے گا لیکن سب بہتر ہوجائے گا۔چیمپئنز کپ ایک ہفتے آگے لے جانا بھی یو ٹرن نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ فیصلوں پر انگلی اٹھائی گئی ہے، کراچی ٹیسٹ کا فیصلہ میں نے نہیں کیا تھا، فیصلہ پہلے ہی ہوچکا تھا۔ کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا بھی اگلے چند روز میں اعلان کر دیا جائے گا۔