کھیل

کرکٹ ورلڈ کپ کس سے بنی ہے ؟ اس کی مالیت کتنی ہے؟ پتا چل گیا

1992ء ورلڈ کپ کی ٹرافی سب سے منفرد اور خوبصورت تھی، اس ورلڈ کپ ٹرافی پر 30 ہزار ڈالر خرچ ہوئے ہیں: رپورٹ میں انکشاف

لاہور(سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کس سے بنی ہے ؟ اس کی مالیت کتنی ہے؟ پتا چل گیا ‘دنیا کی 10 ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ 2023ء کی ٹرافی جیتنے کے لیے جنگ کا آغاز5 اکتوبر سے ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لگ بھگ ڈیڑھ ماہ تک اگلے 10 ممالک کے کھلاڑی دنیائے کرکٹ کے اس سب سے بڑے انعام کو حاصل کرنے کا خواب دیکھیں گے۔ 1975ء سے 2019 ء یعنی 44 سال کے دوران 12 بار ورلڈ کپ مقابلوں کا انعقاد ہوا اور 6 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں آسٹریلیا (5 بار)، ویسٹ انڈیز (2 بار)، بھارت (2بار)، پاکستان (ایک بار)، سری لنکا (ایک بار)اور انگلینڈ (ایک بار)شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کو جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے جس کی تاریخ بھی اس ایونٹ جتنی پرانی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر یہ ٹرافی کئی بار تبدیل ہوچکی ہے۔ 1975ء سے 1983ء تک تمام ورلڈکپ ایونٹس کا انعقاد انگلینڈ میں ہوا تھا۔ تینوں ایونٹس کو پروڈینشل انشورنس نامی کمپنی نے اسپانسر کیا تھا اور اسی وجہ سے ٹرافی کو پروڈینشل کپ ٹرافی کا نام دیا گیا۔ یہ ومبلڈن ٹینس ایونٹ کی ٹرافی سے ملتی جلتی ٹرافی تھی اور اب یہ لارڈز کے کرکٹ میوزیم میں موجود ہے۔

1987ء میں پہلی بار ٹرافی تبدیل ہوئی

1987ء کو پہلی بار یہ ٹورنامنٹ انگلینڈ سے باہر برصغیر یعنی پاکستان اور بھارت میں منعقد ہوا۔ ریلائنس انڈسٹریز نے اس ورلڈکپ کو اسپانسر کیا اور ایونٹ کے لیے گولڈ پلیٹڈ ٹرافی تیار کی گئی جس پر ہیرے جڑے تھے اور اسے ریلائنس ورلڈکپ کا نام دیا گیا۔ اس ٹرافی کی تیاری پر اس زمانے میں 6 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے جو موجودہ عہد کے 80 لاکھ بھارتی روپوں کے برابر ہیں۔

1992ء کی ٹرافی جو سب سے الگ تھی

اسے اب تک کی ڈیزائن کی گئی سب سے خوبصورت ورلڈکپ ٹرافی بھی تصور کیا جاتا ہے۔ کرسٹل سے تیار کی گئی اس ٹرافی کو اسپانسر بینسن اینڈ ہیجز کا نام دیا گیا تھا۔ اس ٹرافی کے اوپر گلوب بنا تھا جبکہ اس کی تیاری پر 8 ہزار برطانوی پاؤنڈز کا خرچہ ہوا اور اس وقت یہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں موجود ہے۔

1996ء کی ٹرافی

یہ ٹورنامنٹ پھر برصغیر میں ہوا اور اس بار پاکستان اور بھارت کے ساتھ سری لنکا بھی میزبان تھا جبکہ ولز کمپنی نے ایونٹ اسپانسر کیا تھا۔ یہی وجہ تھی ٹرافی کو ولز ورلڈکپ کا نام دیا گیا۔

1999ء سے اب تک

1999ء کے ورلڈکپ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے فیصلہ کیا کہ مستقبل کے تمام ایونٹس کے لیے ایک ٹرافی تیار کی جانی چاہیے۔ اس کے لیے آئی سی سی نے برطانیہ کی کمپنی جیراڈ اینڈ کو سے رابطہ کیا، جس نے اب استعمال ہونے والی ٹرافی تیار کی۔

ٹرافی کس سے بنی اور اس کی مالیت کیا ہے؟

یہ لگ بھگ 11 کلو وزنی اور 60 سینٹی میٹر لمبی ٹرافی ہے جس کی تیاری پر 30 ہزار ڈالرز خرچ ہوئے تھے۔ یہ ٹرافی چاندی اور سونے سے تیار کی گئی تھی جس کے اوپر ایک سونے سے بنا گلوب موجود ہے جبکہ چاندی کے 3 ستون ہیں جو دیکھنے میں وکٹ اور بیلز جیسے ہیں۔ اس ورلڈکپ کے نچلے حصے میں اب تک یہ ایونٹ جیتنے والی ٹیموں کے نام درج ہیں جبکہ مستقبل میں اس ایونٹ کو جیتنے والی ٹیموں کے نام لکھنے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ اب ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کی نقل دی جاتی ہے جو کہ اصلی جیسی ہوتی ہے بس اس میں سابقہ چیمپئنز کے نام درج نہیں ہوتے۔ اصل ٹرافی دبئی میں آئی سی سی کے ہیڈ آفس میں رکھی جاتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button