کھیل

کیون پیٹرسن نے پاکستان کی کرکٹ پر سوال اٹھا دیا

اپنی پوسٹ میں کیون پیٹرسن نے سوال کیا کہ وہاں آخر اب ہو کیا رہا ہے؟

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے پاکستان میں کرکٹ کے معیار پر سوال اٹھا دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کو آخر کیا ہوگیا ہے؟ جب میں نے پی ایس ایل کھیلا تھا تو اس لیگ کا معیار بہت بہترین تھا، کھلاڑیوں میں کرکٹ کا جذبہ ہی ایک الگ لیول پر تھا اور نوجوانوں کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا۔اپنی پوسٹ میں کیون پیٹرسن نے سوال کیا کہ وہاں آخر اب ہو کیا رہا ہے؟

خیال رہے کہ کیون پیٹرسن کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا کہ جب راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ رقم کی، قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلی شکست تھی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم دوسری اننگز میں 146 رنز بنا کر آٹ ہو گئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا تھا جو بنگلادیش نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔ اس سے قبل پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 12 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 11 میں پاکستان فاتح رہا جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا۔

نسبتا کمزور حریف کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست پر کرکٹ شائقین سخت افسردہ دکھائی دیے اور کھلاڑیوں سمیت چیئرمین پی سی بی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اس شکست پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم نہیں کر سکی، قومی ٹیم کو جس طرح کھیلنا چاہیے تھا نہیں کھیل سکی، اگلے میچ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی۔بعد ازاں راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست سے قوم کو مایوسی ہوئی جس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button