یوراج سنگھ کا کیریئر تباہ کرنیوالا کون تھا؟
ایم ایس دھونی پر سابق ٹیسٹ کرکٹر یوگراج سنگھ کا ایک اور وار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ نے ایم ایس دھونی پر پھر وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھونی نے میرے بیٹے کا کیریئر تباہ کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یوگراج سنگھ نے کہا ہے کہ میں ایم ایس دھونی کو کبھی معاف نہیں کروں گا، وہ ایک بڑا کرکٹر ہے لیکن اس نے میرے بیٹے کے ساتھ جو کیا وہ کبھی معاف نہیں کروں گا۔
یوگراج سنگھ کا کہنا ہے کہ ایم ایس دھونی کو شیشے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہیے، اب سب کچھ سامنے آرہا ہے، یہ کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں دو چیزیں نہیں کیں، جس نے کوئی کام غلط کیا ہو اسے کبھی معاف نہیں کیا اور دوسرا کبھی گلے نہیں لگایا۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا چار پانچ سال مزید کھیل سکتا تھا، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کہہ چکے ہیں کوئی دوسرا یوراج سنگھ نہیں ہو سکتا۔سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ کینسر کے ساتھ کھیلنے پر بھارت کو میرے بیٹے کو بھارت رتنا ایوارڈ دینا چاہیے۔واضح رہے کہ یوراج سنگھ کے والد یوگراج سنگھ بھارت کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور 6 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔