کھیل

ایشیاء کپ، آئی سی سی کے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے اہم رکن نے پاکستان کو بڑا جھٹکا دیدیا

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کو پاکستان سے باہر منعقد کرنے کی ہندوستان کی تجویز کی حمایت کی ہے : رپورٹ میں انکشاف

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیا کپ 2023ء کو پاکستان میں کرانے کا خواب دیکھ رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بڑا جھٹکا لگا ہے ۔ ایشین کرکٹ کونسل کے اہم رکن سری لنکا اور بنگلہ دیش نے پاکستان کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کو پاکستان سے باہر منعقد کرنے کی ہندوستان کی تجویز کی حمایت کی ہے ۔ اپنے ملک میں ایشیا کے اس بڑے ٹورنامنٹ کو کرانے کیلئے مصر پی سی بی کو اب دوستوں کی بھی کمی کھلنے لگی ہے ۔

بی سی سی آئی سیکرٹری جے شاہ پہلے ہی یہ واضح کرچکے ہیں کہ ایشیا کپ 2023ء کا انعقاد پاکستان میں نہیں ہوگا ۔ ہندوستان کی ٹیم پاکستان کے دورہ پر نہیں جائے گی ۔ اس کے بعد پی سی بی کی طرف سے ہندوستان کو آنکھیں دکھائی گئیں ۔ کہا گیا کہ اگر ہندوستان کی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی تو پاکستان کی ٹیم بھی اس سال کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کو کھیلنے کیلئے نہیں آئے گی ۔

بی سی سی آئی کی طرف سے پاکستان کی ان دھمکیوں پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ اس کے بعد پی سی بی چیف نجم سیٹھی کا بیان سامنے آیا کہ وہ ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان کی ٹیم کو تبھی ہندوستان کھیلنے بھیجیں گے، اگر جے شاہ یہ تحریر میں یقین دہانی کرائی کہ ان کی ٹیم 2025ء میں پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو کھیلنے کیلئے پڑوسی ملک آئے گی ۔ حالانکہ پی سی بی کی اس تجویز پر بھی بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

پہلے سے طے پروگرام کے مطابق اس مرتبہ ایشیا کپ کا انعقاد 50 اوورز کے فارمیٹ میں ہونا ہے ۔ ستمبر میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا ۔ حال ہی میں نیپال کی ٹیم نے ایشیا کپ میں کھیلنے کیلئے کوالیفائی کیا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب نیپال کی ٹیم ایشیا کپ کا حصہ بنے گی ۔ ہندوستان اور پاکستان کے گروپ میں نیپال بھی تیسری ٹیم کے طور پر وابستہ ہوگی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button