100 گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والا 5 سالہ پاکستانی’بھارت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا
پاکستانی مارشل آرٹسٹ کا کارنامہ،5سال کی عمر میں بھارت کا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے 5 سالہ مارشل آرٹسٹ سفیان محسود نے بھارت کے مارشل آرٹسٹ ایم وی ارجن پریان کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔خیبر پختونخوا کے علاقے جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹ ایتھلیٹ عرفان محسود نے رواں ماہ 100 گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھنے والے پہلے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔عرفان محسود نے اپنے بیٹے سفیان محسود کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ بھی بنایا، جس نے بھارت کے کے گوکلناتھ اور ایم وی ارجن پریان کا ریکارڈ توڑا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ نے اس حوالے سے لکھا ہے کہ کسی شخص کے گرد چڑھنے کا تیز ترین وقت 7.87 سیکنڈ ہے اور یہ کامیابی عرفان محسود اور سفیان محسود (دونوں پاکستان) نے ڈیرہ اسماعیل خان، پاکستان میں 19 جون 2024 کو حاصل کی،عرفان محسود ایک سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ٹائٹل ہولڈر ہیں۔اس سے قبل یہ ریکار بھارت کے ایم وی ارجن پریان کے پاس تھا، جنہوں نے سافٹیسٹ ٹائم ٹو کلمب ارانڈ پرسن میں 9.78 سیکنڈز کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
33 سالہ محسود نے سب سے زیادہ پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیک، اسکواٹ تھرسٹس، اسٹیپ اپس، گھٹنے کے وار، کہنی پر ضرب لگانے، سائڈ جمپ اور اونچی چھلانگ لگانے کے ریکارڈ بنائے ہیں۔اطالوی ویٹ لفٹر مارسیلو فیری نے ایک منٹ 32 سیکنڈ تک اپنے پیر سے 40 پانڈ وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، اسے عرفان محسود نے 3 منٹ اور 20 سیکنڈ کے لیے اتنا ہی وزن اٹھا کر توڑا۔محسود اب تک 16 ممالک کے ریکارڈ توڑ چکے ہیں، جن میں امریکا، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، پاکستان اور شام شامل ہیں۔ انہیں 2023 میں صدارتی ایوارڈ بھی ملا۔
آل پاکستان ایم ایم اے کے صدر بابر راجہ کے مطابق محسود پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے 100 گنیز ورلڈ ریکارڈز حاصل کیے ہیں، وہ جس ضلع سے تعلق رکھتے ہیں وہاں کوئی لائم لائٹ نہیں ہے لیکن وہ اب بھی ایم ایم اے میں ایک کھلاڑی کے طور پر بڑے پیمانے پر شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہے۔راجہ نے کہا کہ آل پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن محسود کو باڈی میں سینئر کردار دینے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ دوسرے ایتھلیٹس ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکیں۔