کھیل
37سال بعد ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئن بننے والے قومی ہیرو حمزہ خان کی وطن واپسی
ورلڈ جونیئر سکوائش چیمپئین حمزہ خان کا ائیر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا 'پھولوں کی پتیاںنچھاورکی گئیں اور ہار بھی پہنائے گئے

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) ورلڈ جونیئر اسکواش کا ٹائٹل تین دھائیوں کے بعد پاکستان کو جتوانے والے قومی ہیرو حمزہ خان آسٹریلیا سے وطن واپس پہنچ گئے ، ائیر پورٹ آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے اسلام آباد ائیر پورٹ آمد پر حمزہ خان کاپاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد سعید اختر، آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ ، پاکستان سکوائش فیڈریشن کے حکام ، کوچ آصف خان سمیت بڑی تعداد میں آفیشلز نے پرتپاک استقبال کیا۔ حمزہ خان کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے سمیت ہار پہناے گئے۔ حمزہ خان نے 37سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیئر سکوائش کا ٹائٹل جتوایا۔جان شیر خان نے آخری بار 1986 میں ورلڈ ٹائٹل پاکستان کیلئے جیتا تھا۔وزیراعظم شاندار کارکردگی پر حمزہ خان کو ایک کروڑ روپے کا کیش ایوارڈ دینگے۔