آئی فون 16 کی لانچنگ کےبعد سےصارفین ایپل کےاگلے ماڈل کےمنتظرکیوں ہیں؟
ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے
لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک) آئی فون 16 کی لانچنگ کے بعد سے ہی صارفین ایپل کے اگلے ماڈل کے منتظر ہیں کیونکہ نئے ماڈلز کی لیکس صارفین کو نئے فیچرز اور اپ گریڈ آپریٹنگ سسٹم کے استعمال کیلئے بے چین کیے رکھتی ہیں۔ ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے لیکن اس بار رپورٹس بتاتی ہیں کہ آئی فون 17 پرو میکس زیادہ فیچر اور ایک بڑے اپ گریڈ سسٹم کے ساتھ متعارف کروایا جاسکتا ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹ کے مطابق ویسے تو آئی فون 17 کی پوری سیریز زیادہ اپ گریڈیشن کے ساتھ متعارف کروائی جائے گی لیکن آئی فون 17 پرو میکس زیادہ اپ گریڈ سسٹم کے ساتھ متعارف کروایا جاسکتا ہے۔ ایپل انتظامیہ آئی فون 17 پرو میکس نئی A19 پرو چپ اور ایک بڑے ہارڈویئر اپ گریڈ کیساتھ متعارف کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آئی فون 17 پرو میکس کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے 12GBریم کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے، نئی اپ گریڈ ایپل انٹیلی جنس کو (AI) کے بہتر استعمال کے بھی قابل بنائے گی ۔
ٹیکنالوجی لیکس کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 17 پرو میکس کے کیمرے کو بھی اپ گریڈ کیا جاسکتا ہے، نئے ماڈل کا پرومیکس ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ کی خصوصیت لیے ہوگا جس میں ممکنہ طور پر 48MP مین کیمرہ، 48MPالٹرا وائڈ کیمرہ اور 48MP ٹیلی فوٹو لینس شامل ہوگا جو 5x آپٹیکل زوم پیش کرسکتا ہے۔
اگر یہ تبدیلیاں متعارف کروائی جاتی ہیں تو فرنٹ کیمرے کو ممکنہ طور پر 12MP سے 24MP سیلفی کیمرے میں اپ گریڈ کیا جائے گا لہٰذا آئی فون 17 پرو میکس کا کیمرہ آئی فون کے موجودہ ماڈل 16 پرو میکس کے مقابلے میں بہتر کوالٹی امیج فراہم کرے گا۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ آئی فون 17 پرو میکس کیلئے ایپل ڈائنامک آئی لینڈ کو ری ڈیزائن کرسکتا ہے لہٰذا ڈسپلے ایک ہی یعنی 6.9 انچ سائز ہونے کے باوجود پریمیئم بڑا اور زیادہ واضح نظر آئے گا۔
لیکس سے پتا چلتا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس کو ایکشن اور والیوم کیلئے بالکل نیا بٹن دیا جاسکتا ہے لیکن یہ نیا بٹن صرف پرو میکس ماڈل کیلئے ہوگا، ساتھ ہی آئی فون 17 ماڈل پرو میکس ایک نئے کلر آپشن کے ساتھ متعارف کروایا جاسکتا ہے۔