آموں کیساتھِ آزادی کا جشن’گوگل کا ڈوڈل پاکستانیوں کے دل کی آواز
گوگل نے 14 اگست کے موقع پر خصوصی ڈوڈل کے ذریعے آزادی کا جشن منایا
لاہور (ٹیکنالوجی ڈیسک)گوگل نے ہر سال کی طرح پاکستان کے 77ویں یومِ آزادی پر بھی معروف سرچ انجن گوگل پاکستانیوں کے ساتھ جشن میں شریک ہے۔گزشتہ برسوں سے جاری روایت کے تحت اس سال بھی گوگل نے 14 اگست کے موقع پر خصوصی ڈوڈل کے ذریعے آزادی کا جشن منایا۔
اس سال کے ڈوڈل میں خاص بات پاکستان کا ثقافتی ٹرک آرٹ اور دنیا بھر میں مشہور پاکستانی آم کو اجاگر کیا گیا ہے۔خصوصی ڈوڈل کے ساتھ گوگل کے جاری کردہ بیان میں لکھاگیا کہ 1947 میں آج کے دن، ملک نے صدیوں کی غیر ملکی حکمرانی کے بعد اپنی آزادی اور خودمختاری حاصل کی۔آج کے آرٹ ورک میں پاکستان کا قومی پھل نمایاں ہے! آم قدیم زمانے سے ملک کی ثقافت سے منسلک ہیں اور پاکستان میں اگنے والے آم اپنے حیرت انگیز ذائقے اور ساخت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
گوگل نے لکھا کہ پاکستانی آم پیار، سخاوت، اور خوشحالی کی علامت ہیں جو دوستوں اور خاندان کے لوگوں کو تحفے میں بھی پیش کیے جاتے ہیں، یہ میٹھے اور نرم پھل ملک بھر میں کئی تازگی بخش پکوانوں اور مشروبات میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔پاکستان کا یوم آزادی آموں سے بھرپور ہو!
خیال رہے کہ گوگل دنیا بھر میں آئے اہم واقعات کے علاو ہ مختلف خطوں کے معروف افراد کی سالگرہ یا برسی کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس خطے کے لوگوں کے لیے ڈوڈل جاری کرتا ہے۔گوگل نے 1998 میں سب سے پہلا ڈوڈل جاری کیا تھا جو برننگ مین نامی فیسٹیول کے موقع پر جاری کیا گیا تھا۔گوگل کا آغاز بھی سال 1998 میں ہوا تھا اور اسے دنیا کی سب سے بڑی سرچ انجن اور انٹرنیٹ کمپنی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔