جنوبی ایشیا;اسٹریٹ فوڈ ’پانی پوری‘ پر گوگل کا ڈوڈل جاری
پانی پوری بھارت سمیت مختلف ممالک میں 12 مہینے یکساں پسند کیے جاتے ہیں

بھارت (ٹیکنالوجی نیوز) پانی پوری کو کئی ممالک میں ’گول گپے، پھچکا، پتاشے یا بتاشے بھی کہا جاتا ہے، یہ بھارت، پاکستان اور بنگلادیش سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کا مشہور اسٹریٹ فوڈ ہے۔ ’پانی پوری‘ ایک اسٹریٹ فوڈ آئٹم ہے جو آلو، چنے، مسالے یا مرچوں سے بھرے کرسپی گول گپے ذائقہ دار پانی کے ساتھ پیش کیے جاتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے ہر چھوٹے بڑے شہروں کے بازار، مرکزی شاہراہوں یا گلی کے کسی کونے میں پانی پوری اور گول گپے کی دکان میں بھیڑ دکھائی دیتی ہے، اور لوگ اسے شوق سے خرید کر کھاتے ہیں۔ ہر عمر کے لوگ پانی پوری کھانے کے شوقین دکھائی دیتے ہیں جسے ذوق و شوق سے پسند کیا جاتا ہے کیونکہ یہ بے وقت کی بھوک کو فوراً مٹا دیتا ہے۔

جب آپ کسی دکان سے پانی پوری خریدتے ہیں تو اسے بنانے کا طریقہ ہر جگہ مختلف ہوتا ہے، پوری کا سائز اتنا ہی پوتا ہے جتنا انگلی اور انگوٹھے کو ملا کر بیچ میں بننے والا دائرہ ہوتا ہے۔ پوری کو کھانے کے لیے مہارت چاہیے ہوتی ہے، کچھ لوگ تو بھیڑ میں بھی شرمندگی محسوس کیے بغیر بڑا منہ کھول کر باآسانی کھا لیتے ہیں، لیکن کچھ لوگ اسے الگ تھلک کھانا پسند کرتے ہیں۔
پوری میں اپنی انگلی سے سوراخ کریں پھر اس میں اپنے منتخب اجزا جیسا کہ ابلے ہوئے چنے، مسالے، ابلے ہوئے آلو کے ٹکڑے، باریک کٹی پیاز، پاپڑی، املی کی کھٹی میٹھی چٹنی ڈال کر مسالے دار کھٹے میٹھے پانی میں ڈالیں اور کھا جائیں۔ کھانے کے بعد آپ کے منہ سے پانی بھی نکل آئے گا اور آنکھوں سے آنسو بھی، لیکن اسے کھانے کا لمحہ انتہائی خوشگوار ہوتا ہے۔
پانی پوری بھارت سمیت مختلف ممالک میں 12 مہینے یکساں پسند کیے جاتے ہیں لیکن ہر جگہ اس کا معیار مختلف ہوتا ہے۔ آج (12 جولائی) کے دن گوگل کی جانب سے پانی پوری کا ڈوڈل بنایا گیا اور ساتھ ہی پانی پوری کی دلچسپ انیمیٹڈ گیمز بھی پیش کی گئیں۔
ڈوڈل بنانے کا مقصد یہ ہے کہ سنہ 2015 میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک ریستوران نے 51 قسم کی مختلف پانی پوری کے مختلف ذائقے پیش کرکے عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

اب جب پانی پوری کی بات ہورہی ہے تو آج ہم آپ کو مزیدار پانی پوری کی ترکیب بھی بتاتے ہیں۔
پوری تیار کرنے کا طریقہ
سوجی (باریک): ایک کپ
میدہ: ایک کھانے کا چمچ بھر کے
پانی: حسب ضرورت
سوجی میں میدے کو اچھی طرح شامل کر کے پانی سے نرم گوندھ لیں، خیال رہے زیادہ سخت نہ ہو کیوں کہ سوجی پانی جذب کر کے سخت ہوجاتی ہے۔ اب اس گندھی سوجی کو ململ کے نم کپڑے یا ایئر ٹائٹ جار میں بند کر کے 20-25 منٹ کے لیے رکھ دیں۔
اب اس کا ایک چھوٹی روٹی کے برابر پیڑا لیں اور روٹی کی طرح پتلا پتلا بیل لیں، اس کے بعد گول گپوں کے سائز کے کسی سانچے یا کپ کی مدد سے پوریاں کاٹ کر 5 سے 10 منٹ کے ململ کے کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔
اس کے بعد مرحلہ آتا ہے پوریوں کو تلنے کا جو خاصہ تکنیکی ہے، تیل کو گرم کریں اور ایک پوری ڈالتے ساتھ ہی تلنے والے چمچ سے ہلکا ہلکا دبائیں اس طرح پوری پھول جائے گی۔ اس طرح ایک ایک کر کے باقی پوریاں تلتے جائیں اور انہیں نکال کر کسی چھنے یا جالی والے برتن میں رکھیں۔