ٹیکنالوجی

قابل اعتراض مواد بلاک کرنے کی شرح کس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرزیادہ اور کس پر کم ؟

ٹک ٹاک نمایاں جس نے 109,359 میں سے 107,003 یوآرایلز بلاک کیے

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تسلیم کیا کہ بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض اور غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے کی سب سے کم شرح ایکس ڈاٹ کام جبکہ سب سے زیادہ عملدرآمد کی شرح ٹک ٹاک کی جانب سے سامنے آئی ہے۔پی ٹی اے کی ایک دستاویز کے مطابق اتھارٹی نے جنوری 2021 اور جون 2024 کے درمیان ایکس ڈاٹ کام پر 69,372 یو آر ایلز کیخلاف کارروائی کی لیکن پلیٹ فارم ایکس نے صرف 41,414 یوآرایلز بلاک کیے، جس کے نتیجے میں تعمیل کی شرح 59.70 فیصد رہی۔

اس کے برعکس سب سے زیادہ تعمیل کی شرح کے ساتھ ٹک ٹاک نمایاں ہے جس نے 109,359 میں سے 107,003 یوآرایلز بلاک کیے، یوں تعمیل کی شرح 97.85 فیصد رہی۔یہ شرح نامناسب مواد کو مسدود کرنے کی پی ٹی اے کی درخواستوں پر عمل کرنے کے ضمن میں ٹِک ٹاک کو دوسرے بڑے پلیٹ فارمز سے ممتاز کرتا ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے رپورٹ کیا جانیوالا مواد مختلف زمروں، بشمول ہتک آمیز، غیر اخلاقی، اسلام مخالف، تحفظ اور دفاع، فرقہ وارانہ، اور توہین عدالت، جیسے موضوعات پر محیط ہے۔پی ٹی اے کی ایک حالیہ رپورٹ میں پتا چلتا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز قابل اعتراض اور غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے کی درخواستوں کو کس طرح نمٹاتے ہیں۔

جنوری 2021 سے جون 2024 تک کیاعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ایکس ڈاٹ کام کی جانب سے تعمیل کی شرح سب سے کم تھی، جس نے پی ٹی اے کے رپورٹ کردہ صرف 59.70 فیصد یوآرایلز کو بلاک کیا۔پی ٹی اے کی جانب سے شکایات پر فیس بک کی جانب سے بھی تعمیل کی ایک مضبوط شرح کا مظاہرہ کیا گیا، اور 94,141 میں سے 79,904 یو آر ایلز بلاک کرتے ہوئے فیس بک کی جانب سے تعمیل کی شرح 84.88 فیصد رہی۔ انسٹاگرام پر 85.60 فیصد تعمیل کی شرح کے ساتھ پیروی کی گئی، جہاں 21,333 میں سے 18,260 یو آرایلز بلاک کیے گئے۔

یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ میٹا کمپنی کے یہ دونوں پلیٹ فارمز اب بھی پی ٹی اے کی درخواستوں پر کافی حد تک عمل پیرا ہیں، یو ٹیوب اور لائکی نے بھی تعمیل کی بہتر شرح ظاہر کی۔ یوٹیوب نے 41,954 میں سے 36,351 یو آرایلز بلاک کیے، جس کے نتیجے میں تعمیل کی شرح 86.64 فیصد رہی۔علاوہ ازیں ڈیلی موشن اور اسنیک ویڈیو کی جانب سے تعمیل کی شرح کم لیکن قابل ذکر تھی۔ ڈیلی موشن نے 32 میں سے 23 یوآرایلز بلاک کرتے ہوئے تعمیل کی شرح 71.88 فیصد رکھی جبکہ اس دوران اسنیک ویڈیو نے 7,241 میں سے 6,829 یوآرایلز بلاک کیں جس سے تعمیل کی شرح 94.31 فیصد رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button