ٹیکنالوجی

مصنوعی سیارہ خلا ء میں درجہ حرارت بڑھانے والی گیسوں کی نشاندہی کرے گا

ٹینیجر ون سیٹلائٹ کو ماحولیاتی تبدیلی کے تدارک کی جانب ایک اہم ٹول قرار دیا جا رہا ہے

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)ناسا کا تیار کردہ دنیا کا پہلا ایسا مصنوعی سیارہ خلا میں بھیج دیا گیا ہے جو زمین پر درجہ حرارت میں اضافہ کرنے والی گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کے ذرائع کی نشاندہی کرے گا۔ ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے سلسلے میں کی جانے والی تحقیق میں سائنسدانوں کی گرین ہائوس گیسوں کے اخراج پر خاص توجہ مرکوز ہے۔گرین ہاس گیسوں سے مراد وہ گیسز ہیں جو زمین سے حرارت جذب کر نے کے بعد فضا سے پھر حرارت زمین کی طرف واپس ریلیز کرتی ہیں اور یوں سطح زمین پر درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بنتی ہیں۔ ان گیسوں میں کاربن، میتھین اور پانی کے بخارات شامل ہیں۔ ان گیسوں کے زمین کو گرم کرنے کے عمل کو گرین ہاس افیکٹ کہا جاتا ہے۔

ٹینیجر۔ون سیٹلائٹ کو ماحولیاتی تبدیلی کے تدارک کی جانب ایک اہم ٹول قرار دیا جا رہا ہے۔ سیارے کا نام امریکا میں پائے جانے والے پرندے ٹینیجر سے موسوم ہے۔ ٹینیجر۔ون مختلف سائنسی اداروں کے تعاون سے بنایا گیا ہے جسے کاربن مپیر کولیشن کا نام دیا گیا ہے۔سیٹلائٹ انتہائی جدید اسپیکٹرومیٹر ٹیکنالوجی کے ذریعہ تصاویر لے گا جو کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی مقدار بتانے کے ساتھ ساتھ ان گیسوں کے اخراج کے صحیح مقام کی نشاندہی کرے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے دنیا بھر میں گیسوں کا اخراج کرنے ولی فیکٹریوں کے محل وقوع اور ان میں استعمال ہونے والی مشینوں کے بارے میں بھی پتا چل سکے گا۔

سیارے سے حاصل ہونے والا ڈیٹا کاربن میپر نامی انٹرنیٹ پورٹل پر عوام کی رسائی میں ہوگا۔ حاصل شدہ ڈیٹا پر مختلف ادارے مل کر تحقیق کریں گے تا کہ خارج ہونے والی میتھین گیس کی مقدار کا صحیح تعین کیا جا سکے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے کے ذرائع کا بھی پتا چلایا جاسکے۔پاکستان جسے تباہ کن سیلابوں اور شدید گرمی کی لہروں کی صورت میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے، عالمی تناظر میں یہ ایک فیصد سے بھی کم گرین ہاس گیسون کا اخراج کرتا ہے جبکہ یہ دنیا کے 10 ممالک میں شامل ہے جنہیں آب و ہوا کی تبدیلی کے مہلک ترین اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلی پر عالمی معاہدے کے تحت دنیا کے ملکوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت کو صنعتی انقلاب سے قبل کے درجہ حرارت سے دو درجہ سینٹی گریڈ سے بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔ لیکن حالیہ سالوں کی شدید گرمی کے بعد یہ خدشات عام پائے جاتے ہیں کہ اس ہدف کا حصول نظر نہیں آتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button