پاکستان میں اب گوگل اے آئی اکیڈمی کام کرنے کو تیار
اے آئی سلوشنز کی ڈیولپمنٹ کو تیز کرنے کے لیے خیالات، مہارتوں اور وسائل کے تبادلے میں سہولت ملے گی
لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)گوگل نے اپنی نئی اے آئی اکیڈمی کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد پاکستان اور وسیع تر ایشیا پیسیفک خطے میں اے آئی اسٹارٹ اپس کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔اے آئی اکیڈمی کو سرحد پار نئی انوویشنز اور پارٹنرشپس کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے اے آئی سلوشنز کی ڈیولپمنٹ کو تیز کرنے کے لیے خیالات، مہارتوں اور وسائل کے تبادلے میں سہولت ملے گی۔گوگل کے مطابق یہ کوشش ایشیا پیسیفک خطے کو اے آئی کی ترقی کے لیے ایک عالمی مرکز کا مقام دے گی۔
اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘گوگل فار اسٹارٹ اپس نے آج ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جس کا نام AI اکیڈمی ہے جس کا مقصد پاکستان اور ایشیا پیسفک خطے میں مصنوعی ذہانت والے اسٹارٹ اپس کی ترقی میں مدد اور تیزی لانا ہے، یہ پروگرام ابتدائی طور پر AI پر مبنی ٹیکنالوجیز پر مرکوز 20 سے زیادہ اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرے گا’۔اے آئی اکیڈمی کے شرکا کو گوگل کے عالمی اے آئی ماہرین سے انفرادی رہنمائی اور تعاون حاصل ہوگا۔ مزید برآں ہر اسٹارٹ اپ اے آئی کی ترقی اور تجربات کو فروغ دینے کے لیے Google Cloud Credit میں $350,000 تک کا اہل ہوگا۔
‘
اس پروگرام میں پورے خطے میں دیگر AI اسٹارٹ اپس کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور تعاون کے مواقع بھی شامل ہیں۔اے آئی اکیڈمی پروگرام کے لیے درخواستیں 16 اگست تک جمع کرائی جاسکتی ہیں، جو پاکستانی اسٹارٹ اپس کو اعلی درجے کی اے آئی ڈیولپمنٹ کی جانب علاقائی دوڑ میں شامل ہونے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔