پیسے کمانا مشکل نہیں رہا’ٹک ٹاک کریٹیرز کو سبسکریشن فیچر تک رسائی
لائیو ویڈیوزہی نہیں اب اہم ویڈیوز کو بھی گروپس میں شیئر کرنے سے پیسے ملیں گے
لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)دنیا بھر میں مقبول شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پیسے کمانے کا طریقہ مزید آسان بنادیا گیا۔کمپنی کی جانب سے صارفین کو پیسے کمانے کاآسان موقع فراہم کیا جا رہا ہے جس کے لیے اب تمام کریٹیرز کو سبسکریشن فیچر تک رسائی دی جا رہی ہے۔لائیو سبسکرپشن فیچر کے تحت کانٹینٹ کری ایٹر صرف لائیو خصوصی ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے کے اہل ہوتے تھے اور یہ فیچر صرف بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کو میسر تھا۔
اب کمپنی نے اسے قدرے آسان کردیا ہے، تاہم اب بھی یہ فیچر 10ہزار سے کم فالوورز رکھنے والے مواد تخلیق کاروں کے لیے نہیں ہے۔البتہ سبسکریشن کے ذریعے پیسے کمانے کا یہ موقع 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ہر صارف کو دستیاب ہے، مگر چند شرائط عائد کی گئی ہیں۔صارفین کے فالوورز کی تعداد 10 ہزار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سال کے دوران ایک لاکھ ویڈیو ویوز ہونے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔
نئے فیچر کے تحت نہ صرف لائیو ویڈیوز بلکہ دیگر اہم ویڈیوز کو بھی گروپس اور چیٹس میں بھی شیئر کیے جانے سے پیسے کمائے جا سکیں گے۔اس فیچر کے تحت کانٹینٹ کری ایٹر سبسکرپشن کے آپشن کے ذریعے اپنے فالوورز سے رقم وصول کرتے ہیں فیس کے عوض فالوورز کو مختلف مواد تک رسائی ملتی ہے۔لائیو سبسکرپشن فیچر کو 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ یوٹیوب اور ایسی دیگر سروسز کو لائیو اسٹریمنگ کے میدان میں ٹکر دی جاسکے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے سبسکرپشن کی 3کیٹیگریز کی پیشکش کی جائیں گی۔سبسکرائیبڈ صارفین کو اپنے پسندیدہ کریٹیرز کے خصوصی کانٹینٹ، چینلز اور اسٹیکرز تک رسائی کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔فی الحال اس سبسکرپشن فیچر کو برازیل، فرانس، جرمنی، اسپین، برطانیہ، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔