چین کا دنیاکا پہلا ٹرائی فولڈسمارٹ فون مارکیٹ میں آ گیا
سائز ایک ٹیبلٹ جتنا ہے اور اسے فولڈ کیا جائے تو یہ ایک عام موبائل فون جتنا ہوجاتا ہے
لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)چائنیز کمپنی ہواوے نے جدت کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے دنیا کا پہلا ٹرائی فولڈ اسمارٹ فون صارفین کو فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔ہواوے نے میٹ ایکس ٹی الٹی میٹ ڈیزائن نامی موبائل فون لانچ کیا ہے جو کہ پہلا ٹرائی فولڈ اسمارٹ فون ہے، جس کا سائز ایک ٹیبلٹ جتنا ہے اور اسے فولڈ کیا جائے تو یہ ایک عام موبائل فون جتنا ہوجاتا ہے۔موبائل فون کی اسکرین 10.2 انچ سائز کی حامل ہے اور یہ اسمارٹ فون میں اب تک کی سب سے ڑی فولڈ ایبل اسکرین بھی ہے، صارفین اس فون کو 6.4 انچ اور 7.9 انچ کے اسکرین کے ساتھ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے اس میں OLED پینل استعمال کیا ہے جبکہ اس کی ہائی فریکوئنسی 1440Hz ہے، موبائل کے سنگل اسکرین کی لمبائی 156.7 ملی میٹر، چوڑائی 73.5 ملی میٹر اور موٹائی 12.8 ملی میٹر ہے۔اسی طرح ڈبل اسکرین کی لمبائی 156.7 ملی میٹر، چوڑائی 143 ملی میٹر اور موٹائی 7.45 ملی میٹر ہے، ٹرپل اسکرین کی جائے تو اس کی لمبائی بھی یکساں ہے جبکہ چوڑائی 219 ملی میٹر اور موٹائی 3.6 ملی میٹر ہے۔
ٹرپل فولدنگ موبائل فون ڈیوائس کا وزن صرف 238 گرام ہے، جو اب بھی ہلکا اور آسانی سے کہیں بھی ساتھ لے جانے کے قابل ہے، موبائل میں مجموعی طور پر 5,600mAh صلاحیت کی حامل بیٹری لگی ہے۔یہ فون بیک ورڈ چارجنگ کو بھی سپورٹ کرتا ہے جبکہ دوسری طرف، ٹرائی فولڈ فون میں 50W وائرلیس چارجنگ سپورٹ موجود ہے، اس کا کیمرہ سسٹم 12 میگا پکسلز پر مشتمل ہے۔
ہواوے میٹ ایکس ٹی الٹیمیٹ ڈیزائن کی قیمت 2,820 ڈالرز سے لے کر 3,390 ڈالز تک ہے جو کہ اس کے موبائل ریم اور جی بی پر منحصر ہے، ٹرائی فولڈ موبائل کو سرخ اور سیاہ رنگوں میں اصلی لیدر فنشنگ کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔