ڈرونز سے انوکھے کام لئے جانے لگے’مصنوعی بارش کا کلیہ چل گیا
یہ ڈرون 40 گھنٹے تک 10ہزار میٹر کی اونچائی پر پرواز کرتے ہوئے آٹھ ہزار کلومیٹر طے کر سکتا ہے
لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود اختیارعلاقے میں بادلوں کی ساخت کا پتہ لگانے اورماحولیات کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ مصنوعی بارش برسانے کے لیئے ڈرونزسے مدد لی جارہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے موسمیاتی ادارے(سی ایم اے)کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ 29 اگست سے 3 ستمبر تک سنکیانگ کے علاقے بیان بولک میں کیا گیا۔ 10.5 میٹر لمبے، 3.1 میٹر اونچے اور 20.2 میٹر پھیلا ئوکے پروں کے ساتھ یہ ڈرون 40 گھنٹے تک 10ہزار میٹر کی اونچائی پر پرواز کرتے ہوئے اور مکمل طور پر لوڈ ہونے پر زیادہ سے زیادہ 8ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتا ہے۔
سی ایم اے کے ویدر موڈیفکیشن سنٹر کے عہدیدار کائی میا کے مطابق، بادلوں کی نشاندہی کے سسٹم سے لیس یہ ڈرون زیادہ واضح طور پر بارش کے وقت اور حالات کا پتہ چلاسکتا ہے جس سے بادلوں سے مصنوعی بارش برسانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔