ٹیکنالوجی

یوٹیوب نے ٹرک ڈرائیور کی زندگی میں کیا رنگینیاں بھر دیں؟

راجیش یو ٹیوب پر کھانے پکانے کے وی لاگ کرنے لگا اور آمدنی کو پر لگ گئے

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)ایک سے دوسرے شہر ٹرک چلانا بلاشبہ ایک وقت طلب اور تھکا دینے والا کام ہے جو بھارت کے باسی ر راجیش روانی گزشتہ 25 برسوں سے کررہے ہیں اور اتنے تجربے کے بعد اب جاکر ان کی ماہانہ آمدنی بمشکل 25 تا 30 ہزار روپے ہوئی ہے لیکن یو ٹیوب نے اب ان کے سارے دلدر دور کردیے ہیں۔اپنے پیشہ ورانہ کام کی یکسانیت کم کرنے اور اپنے شوق کی تکمیل کے لیے راجیش یو ٹیوب پر کھانے پکانے کے وی لاگ کرنے لگے ہیں جس سے انہیں اب اتنی آمدنی ہورہی ہے جو ان کے وہم و گمان سے کہیں زیادہ ہے۔ وہ نہ صرف پہلی مرتبہ اپنا ذاتی گھر بھی بناچکے ہیں بلکہ ان کے جیون کی گاڑی اب ایک خوشحال زندگی کی طرف لے جانے والی شاہراہ پر تیزی سے گامزن بھی ہے۔

بھارتی صوبے جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور راجیش روانی کے اب یوٹیوب پر 18 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔ وہ یو ٹیوب پر وی لاگنگ کے ذریعے ہر مہینے بآسانی 4 تا 5 لاکھ روپے کما لیتے ہیں۔ وی لاگنگ کی بدولت اب تک انہیں صرف ایک ماہ میں جو سب سے زیادہ آمدنی ہوئی ہے وہ 10 لاکھ روپے ہے۔راجیش روانی 25 برسوں سے ٹرک چلا رہے ہیں اور ہندوستان کی سڑکوں پر اپنی نوکری کی ادائیگی کے دوران ایک خانہ بدوش جیسی زندگی گزارنے کے باوجود کھانا پکانے سے ان کی محبت اور پھر اسے وی لاگز میں ڈھالنے کے جذبے نے انہیں انٹرنیٹ کی ایک مشہور شخصیت بنا دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں راجیش روانی نے بتایا کہ ان کا ایک حادثہ ہوا تھا جس میں ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی لیکن اس کے باوجود انہوں نے گاڑی چلانا جاری رکھا کیونکہ انہیں اپنے خاندان کی کفالت بھی کرنی ہوتی ہے۔راجیش روانی نے وائرل ہونے والی اپنی پہلی ویڈیو کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وائس اوور کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی لیکن لوگ مجھ سے اپنا چہرہ ظاہر کرنے کو کہتے رہے تو میرے بیٹے نے ایک اور ویڈیو بنائی جس میں میرا چہرہ دکھایا گیا اور اسے صرف ایک دن میں 4.5 لاکھ ویوز ملے۔

راجیش نے اپنے بچوں کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب میں گاڑی اور یوٹیوب چینل دونوں ایک ساتھ چلا رہے ہیں تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ ان کے اہلخانہ کے تعاون اور مدد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔راجیش روانی نے بتایا کہ ان کی پیدائش اور پرورش جھارکھنڈ میں ہوئی ہے۔ ان کے والد بھی ڈرائیور تھے اور 5 افراد کے خاندان کے لیے اکلوتے کمانے والے تھے۔ وہ انہیں ہر ماہ 500 روپے دیا کرتے تھے لیکن اپنے خرچے پورے کر نے کے لیے انہیں اکثر دوسروں سے پیسے ادھار لینے پڑتے تھے۔ انہوں ںے مزید بتایا کہ ان تمام جدوجہد کے باوجود انہوں نے نے ایک طویل سفر طے کیا اور آج بہت کچھ حاصل بھی کرلیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button