ٹیکنا لوجی

پاکستان:5 جی نیٹ ورک کا آغازکب تک ہوگا؟ تاریخ سامنےآگئی

فائیو جی کی نیلامی کی تیاری کر رہی ہے جس کا دسمبر 2022 تک پاکستان میں آغاز کر دیا جائے گا

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا پر کسی بھی ایسی پابندی کے خلاف ہے جس سے ترقی کا عمل رکتا ہو۔ فائیو جی کی نیلامی کی تیاری کر رہی ہے جس کا دسمبر 2022 تک پاکستان میں آغاز کر دیا جائے گا۔ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سماجی رابطوں کے نیٹ ورکس کے حوالے سے بنائے گئے قواعد پر بین الاقوامی کمپنیوں کے تحفظات دور کرنے کو تیار ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو میں وفاقی وزیر نے بین الاقوامی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کی حکومت کو سوشل میڈیا کے حالیہ نافذ کیے گئے قواعد پر اپنے اعتراضات سے آگاہ کریں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے گزشتہ ماہ الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام کے قانون سے منسلک ضوابط کے اجرا کا نوٹی فیکشن جاری کیا تھا۔ اس نوٹیفیکیشن کے مطابق مذہب، پاکستان کے وقار، سلامتی، دفاع، ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے خلاف مواد بلاک کرنے کے لیے متعلقہ کمپنیوں کو پابند کیا جائے گا۔ ان قواعد پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ سوشل میڈیا کمپنی یا ویب سائٹ کو مکمل طور پر پاکستان میں بلاک کر دیا جائے گا۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ فیس بک ہو، ٹوئٹر، پب جی یا ٹک ٹاک، وہ تمام نیٹ ورکس کو بات چیت میں شامل کریں گے اور بات چیت سے یہ کوشش کر رہے ہیں کہ ان تمام سوشل میڈیا کمپنیوں کے دفاتر بھی پاکستان میں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بین الاقوامی کمپنیاں اربوں ڈالرز کی آمدن پاکستان سے حاصل کرتی ہیں اور اگر ان کمپنیوں کو پاکستان میں دفاتر بنانے کی شرط رکھی گئی ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کرنے سے بین الاقوامی سوشل میڈیا کمپنیوں اور پی ٹی اے کو آپس میں رابطہ کاری اور ہم آہنگی میں آسانی ہوگی۔

امین الحق نے کہا کہ سوشل میڈیا قواعد کے ذریعے اظہار رائے پر قدغن نہیں لگانا چاہتے۔ سیاسی آزادی برقرار رہے گی۔ البتہ ان تمام امور کو پاکستان کی روایات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہے۔ سوشل میڈیا قواعد پر عالمی کمپنیوں کے اعتراضات سنیں گے مگر نفرت انگیز مواد، ریاست مخالف بیانات اور فحش مواد کو روکنے پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔

متعلقہ خبریں