ٹرتھ سوشل نےٹوئٹر اورٹک ٹاک کو پیچھےچھوڑ دیا
ٹرمپ کی ایپ ٹرتھ سوشل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر اور چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایپ ٹرتھ سوشل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر اور چین کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ایپلی کیشن ٹرتھ سوشل سب سے اوپر ہے۔
Truth Social is currently beating Twitter & TikTok on the Apple Store pic.twitter.com/RxawVUAYKH
— Elon Musk (@elonmusk) April 27, 2022
ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے تصویر کے ساتھ ایک بیان میں جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ٹرتھ سوشل اس وقت ٹوئٹر اور ٹک ٹاک کو ایپل اسٹور پر شکست دے رہی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روزامریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ٹوئٹر پر واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں چاہے ایلون مسک تاحیات پابندی ہٹا بھی دیں۔
امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگلے ہفتے سے میں اپنا ’ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم‘ استعمال کرنا شروع کردوں گا۔ ایک برس قبل ڈونلڈ ٹرمپ پر تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پابندی عائد کی گئی تھی تو سابق امریکی صدر نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔