پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں شیخ رشید سے کیا بات کی؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی
مجھے دو دن تھانہ سی آئی اے میں رکھا جس میں آپ کو رکھا گیا تھا، بہت ظالم لوگ ہیں، میں نے بتایا کہ دل میں اسٹنٹ لگے ہوئے ہیں

لاہور(کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں شیخ رشید سے کیا بات کی؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ کمرہ عدالت میں پرویز الٰہی نے شیخ رشید کو دو مرتبہ فون کیا ، پرویز الٰہی کا فون پر شیخ رشید سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے دو دن تھانہ سی آئی اے میں رکھا جس میں آپ کو رکھا گیا تھا، بہت ظالم لوگ ہیں، میں نے بتایا کہ دل میں اسٹنٹ لگے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب کا سابق وزیر داخلہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آپ کے بارے میں بتا رہے تھے کہ جب شیخ رشید گرفتار تھے تو انہیں بخار تھا، پرویز الٰہی نے شیخ رشید سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب میرا رشتہ دار ہے لیکن حالات آپ کو معلوم ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے فون پر بات کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی آپ کیلئے 200 فیصد کوشش کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی ساتھ کھڑے ہیں، انہیں سب معلوم ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا شیخ رشید بلکل ٹھیک بندہ ہے۔ صدر پی ٹی آئی کا شیخ رشید سے مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں باقیوں کا تو آپ کو معلوم ہے، گزشتہ روز میڈیا کو میں نے بتایا کہ مجھے شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑنا۔