ارشد شریف قتل کیس میں نیاموڑ، ملزمان کی بجائے اہلیہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے عدم پیشی پر ارشد شریف کی اہلیہ سمعیہ ارشد کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس میںنیا موڑ آگیا ہے جس کے مطابق ملزمان کی بجائے ان کی اہلیہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے ارشد شریف کی اہلیہ سمعیہ ارشدکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ارشد شریف کے پروگرام پروڈیو سر علی عثمان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے، عدم پیشی پر ارشد شریف کی اہلیہ اور پروڈیوسر علی عثمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔ ارشد شریف کی اہلیہ، بیٹا اور پروڈیوسر علی عثمان سمیت انیس افراد گواہان میں شامل ہیں۔ دوسری جانب ارشد شریف کی فیملی سرکار کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کو پہلے ہی رد کرچکی ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے سرکار نے ارشد شریف قتل کیس کی ایف آئی آر اپنی مدعیت میں درج کی، ہماری درخواست پر درج نہیں کی گئی۔ ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔