سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5جوان شہید
شہدا ء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں: آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا (کھوج نیوز) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہنا ہے کہ کرم کے علاقے صدہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دھماکے کے نتیجے میں 5 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہدا ء میں حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد طفیر، سپاہی انوش رفون، سپاہی محمد اعظم خان اور سپاہی ہارون شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور گھنانے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادرسپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔