سوناکشی کی مسلمان دوست سے شادی‘ مہندی کی تصویر سے پورا خاندان غائب
تصویر جوڑے کے دوست جعفر علی منشی کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی گئی ہے

لاہور(شوبزڈیسک)بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی مہندی کے فنکشن کی تصویر وائرل ہوگئی ہیں۔ ان کی شادی آج دھوم دھام سے ہو گی اور رخصتی میں ان کے والد لیجنڈ اداکار شترو گھن سنہا شرکت کریں گے کیونکہ ان کی والدہ اور بھائی اس شادی سے ناراض اس لئے ہیں کہ سوناکشی سنہا ہندو ہونے کے باوجود ایک مسلمان ظہیر اقبال سے شادی کر رہی ہیں۔ان کی رسم حنا کے موقع پر بھی والدہ اداکارہ پونم سنہا اور بھائی لو سنہا بھی نہیں دیکھے گئے اور نہ ہی ان کی کوئی تصویر وائرل ہوئی ہے یہاں تک کہ شترو گھن سنہا بھی مہندی کے فنکشن کی تصاویر سے غائب ہیں البتہ انہوں نے ظہیر اقبال کو سوئیکار کر لیا ہوا ہے اور یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ وہ شادی میں ضرور شریک ہونگے۔

چند روز قبل سوناکشی سنہا نے اپنے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے شادی کا اعلان کیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ دونوں رواں ماہ کی 23 تاریخ کو ممبئی میں شادی کریں گے۔اور آج کی رات وہ شبھ گھڑی آ پہنچی ہے بھارتی میڈیا پر سوناکشی سنہا کی ظہیر اقبال سے شادی کے اعلان کے بعد سنہا خاندان میں پھوٹ پڑنے کی خبریں سامنے بھی آچکی ہیں۔ بتایا جارہا تھا کہ سنہا خاندان کا کوئی فرد شادی کی تقریبات میں شرکت نہیں کرے گا تاہم شتروگن سنہا نے کہا کہ وہ بیٹی کی شادی میں اپنی پیاری بیٹی کو دعائیں دے کر رخصت کریں گے۔

اب سوناکشی اور ظہیر کی مہندی کے فنکشن سے لی گئی پہلی تصویر وائرل ہوگئی ہے۔مگر اس میں بھی سوناکشی کے علاوہ ان کے خاندان کا کوئی فرد دکھائی نہیں دے رہا۔وائرل تصویر جوڑے کے دوست جعفر علی منشی کی جانب سے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی گئی جس میں سوناکشی کو براؤن بنارسی اور ظہیر کو وائٹ اور براؤن کنٹراسٹ شرٹ میں دوستوں کے ساتھ پوز دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔مہندی کے فنکشن کی مناسبت سے گھر کو گیندے کے پیلے، نارنجی اور سفید پھولوں سے سجا بھی دیکھا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا پر بتایا جارہا تھا کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال اپنی شادی کو لائم لائٹ سے دور رکھنا چاہتے تھے لیکن اب ان کے دوستوں کی جانب سے ہی شادی کی تصویر شیئر کی جاچکی ہے۔