پی ٹی آئی عمران خان کے ہاتھ سے نکل گئی، درجنوں اراکین اسمبلی کا بشریٰ بی بی کیخلاف اعلان بغاوت
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، علی محمد خان، زلفی بخاری، شاندانہ گلزار، جنید اکبر اور شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے رہنماء اور بطور ممبر قومی اسمبلی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے

اسلام آباد (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ہاتھ سے نکل گئی، درجنوں اراکین اور رہنمائوں نے بشریٰ بی بی کے خلاف اعلان بغاوت کر دیا۔ کھوج نیوز رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شہریار آفریدی کے استعفیٰ کے بعد متعدد دیگر اراکین اسمبلی نے آئندہ دنوں میں اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، علی محمد خان، زلفی بخاری، شاندانہ گلزار، جنید اکبر اور شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے رہنماء اور بطور ممبر قومی اسمبلی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تمام پی ٹی آئی رہنمائوں کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی میں اب بانی عمران خان کی عملداری تقریباً ختم ہو چکی ہے اور پارٹی کے زیادہ تر معاملات ایسے وکلاء اور رہنمائوں کے ہاتھوں میں چلے گئے ہیں جو عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے قریبی ساتھی ہیں اور وہ بشریٰ بی بی سے ہدایات لیتے ہیں ۔
ادھر لندن میں موجود سابق مشیر اینٹی ریکوری یونٹ برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی پی ٹی آئی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریار آفریدی اور علی محمد خان سمیت متعدد اراکین اسمبلی کو اس بات پر شدید تحفظات لاحق ہیں کہ انہیں پارلیمنٹ میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کے عہدوں سے الگ رکھا گیا جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بھی اسد قیصر ، علی محمد خان اور شہریار آفریدی گروپ کے کسی بھی رکن کو سرکاری عہدہ نہیں دیا۔