آٹےکی قیمت میں ایک بارپھراضافہ کیوں ہونےلگا؟ سب کے پول کھلنے لگے
حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے باعث گندم کا ریٹ کم ہوگیا تھا جس کی وجہ سے 20 کلو کے آٹے کے تھیلےکی قیمت 3000 سے کم ہو کر 1600 روپے ہوگئی تھی

لاہور(کھوج نیوز)آٹےکی قیمت میں ایک بارپھراضافہ کیوں ہونےلگا؟ سب کے پول کھلنے لگے۔رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدنے کے باعث گندم کا ریٹ کم ہوگیا تھا جس کی وجہ سے 20 کلو کے آٹے کے تھیلےکی قیمت 3000 سے کم ہو کر 1600 روپے ہوگئی تھی، گزشتہ 10 دنوں میں آٹے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کے بعد 20 کلو آٹے کی قیمت اب 2000 روپے ہوگئی ہے۔
تحقیقات کے مطابق اس اضافے کے محرکات میں ایک تو کسانوں کی جانب سے مارکیٹ میں گندم کا بحران پیدا کیا گیا، دوسرا کراچی کے کچھ بیوپاریوں نے پنجاب سے گندم خریدی اور تیسرا بجٹ میں آٹے اور گندم سے حاصل کردہ دیگر مصنوعات پر حالیہ ودہولڈنگ ٹیکس کا نفاذ بھی ہے، جو مجموعی طور پر قیمت میں اضافے کا باعث بنے ہیں۔
پاکستان میں رواں سال گندم کی پیداوار بہت اچھی ہوئی تھی، حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر گندم کی خریداری کا ریٹ 3900 روپے فی من مقرر کیا گیا تھا تاہم حکومت نےکسانوں سےگندم نہ خریدی جس وجہ سے گندم کا ریٹ 2800 روپےفی من تک گرگیا تھا اورخریدارنہ ہونے کےباعث کسان بہت پریشان تھے اور ملک بھر میں سراپا احتجاج تھے، ایک طرح سے ملک میں اضافی گندم ہونے کے باعث گندم کا بحران پیدا ہوگیا تھا۔ گندم کی قیمت میں بڑی کمی کے باعث آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 1400 روپے کی کمی ہوئی تھی اور آٹے کا تھیلا 3000 روپے سے کم ہو کر 1600 روپے کا ہو گیا تھا۔