لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ بند، ملازمین مفت کی تنخواہیں وصول کرنے لگے، افسران نے بھی آنکھیں بند کر لیں
ملازمین کام کرنے کی بجائے گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کرنے لگے ، ملازمین ڈیوٹی پر آتے ہیں وہ کام کرنے کی بجائے سیر سپاٹے اور خوش گیپوں میں مصروف نظر آتے ہیں

لاہور(راشد سعید سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خواب چکنا چور ہونے لگا ، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی بنائی گئی ویب سائٹ عرصہ دراز سے بند، اپ ایڈیشن کرنے کے لئے ملازمین غائب، نوکری کرنے کی بجائے گھر بیٹھے اور سیر سپاٹوں کے عوض تنخواہ کی مد میں گورنمنٹ سے بھاری معاوضہ وصول کرنے لگے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائی گئی ویب سائٹ عرصہ دراز سے بند پڑی ہوئی ہے جس کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے تعینات ملازمین آفس میں کام کرنے کی بجائے گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کر رہے ہیں جبکہ جو ملازمین ڈیوٹی پر آتے ہیں وہ کام کرنے کی بجائے سیر سپاٹے اور خوش گیپوں میں مصروف نظر آتے ہیں اور اپنا ڈیوٹی ٹائم پورا ہونے کے بعد بغیر کوئی کام کیے گھر واپس چلے جاتے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے لئے ملازمین کو لاکھوں روپے تنخواہوں کے علاوہ مختلف مراعات بھی دی جاتی ہیں جبکہ اس پراجیکٹ کی نگرانی کرنے والے افسران نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں اور وہ بھی گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔