کم کارڈیشین نے ایشوریا رائے کو ملکہ مان لیا’سیلفی شیئر
ہالی ووڈ سٹار نے پہلے دن سرخ لہنگا اور چولی ' دوسرے روز کتھئی جوڑے کیساتھ ہیرے کا نیکلس پہنا

لاہور(شوبزڈیسک)امریکی ریئیلیٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشین نے بالی وڈ کی ‘پارو’ ایشوریا رائے کے ساتھ دلکش سیلفی سوشل میڈیا کی زینت بناتے ہوئے انکی تعریف بھی کرڈالی۔ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے معروف بزنس ٹائیکونز، اسپورٹس اسٹارز اور بالی وڈ کی مشہور شخصیات کو جیو ورلڈ کنوینشن سینٹر میں ہونے والی شاہانہ تقریب میں مدعو کیا جن کی موجودگی میں 12 جولائی کو اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

اس تقریب میں ناصرف بالی وڈ ستارے بلکہ دور دراز ملکوں سے آنے والے مہمان بھی بھارتی ثقافت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دیسی ملبوسات پہن کر پہنچے۔اس تقریب میں کم کارڈیشین بھی سج دھج کر پہنچیں جنہوں نے شادی کے پہلے روز ‘شبھ ویواہ’ میں سرخ لہنگا اور چولی پہنی جبکہ دوسرے روز”شبھ آشیرواد”میں ہلکا کتھئی جوڑا پہنا جس کے ساتھ ہیرے جڑا زیور پہن کر اپنے لک کو دلکش بنایا۔کم کارڈیشین نے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں گزارے یادگار لمحات کی تصاویر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایشوریا رائے کے ساتھ ایک سیلفی بھی شیئر کی جس میں ایشوریا رائے رنگ برنگا جوڑا پہنی نظر آرہی ہیں جو انہوں نے شبھ آشیرواد میں پہنا۔سکرین گریب ایشوریا رائے کے ساتھ جاری کی گئی سیلفی پر کم کارڈیشین نے انکی تعریف کرتے ہوئے انگریزی لفظ ‘کوئین’ یعنی ‘ملکہ’ لکھا۔جہاں ایشوریا رائے کے شادی کی تقریب میں لیے گئے دونوں ہی لک سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر ٹرول کیے جارہے تھے وہیں کم کارڈیشین کی جانب سے ایشوریا رائے کو ملکہ قرار دینا شہ سرخیوں کو تبدیل کرگیا ہے۔
واضح رہے کہ کِم کارڈیشین اپنی بہن کلوئی کارڈیشین کے ہمراہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شاندار شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارت پہنچیں اور اپنے ایسٹرن و ویسٹرن کے مکسچر لک سے سب کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔