امریکی صدر جو بائیڈن کے الیکشن کی دوڑ سے باہر ہونے پر قانونی ماہرین حیرت زدہ
امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے 2024 کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کے حیرت انگیز فیصلے پر ڈیموکریٹک قانون سازوں نے ان کی تعریف کی ہے

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکی صدر جو بائیڈن کے الیکشن کی دوڑ سے باہر ہونے پر قانونی ماہرین حیرت زدہ رہ گئے۔رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے 2024 کی صدارتی دوڑ سے دستبردار ہونے کے حیرت انگیز فیصلے پر ڈیموکریٹک قانون سازوں نے ان کی تعریف کی ہے اور ری پبلکنز کی طرف سے ان پر تنقید ہوئی ہے جنہوں نے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
بائیڈن نے اپنے فیصلے کا اعلان قیاس آرائیوں اور اپنی ہی پارٹی کے اندر سے بڑھتے ہوئے مطالبات کے بعد کیا جو گزشتہ ماہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مباحثے میں خراب کارکردگی کے بعد ان سے دوڑ سے الگ ہونے کا کہہ رہے تھے۔ بائیڈن نے نائب صدر کاملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹک امیدوار نامزدگی کی حمایت کی۔
سینیٹ کے اکثریتی رہنما چک شومر نے ایک بیان میں کہا کہ "جو بائیڈن نہ صرف ایک عظیم صدر اور ایک عظیم قانون ساز رہنما رہے ہیں بلکہ وہ حقیقتاً ایک حیرت انگیز انسان ہیں۔ ان کا فیصلہ یقیناً آسان نہیں تھا۔ لیکن انہوں نے ایک بار پھر ملک، پارٹی اور ہمارے مستقبل کو اولین ترجیح دی۔” انہوں نے کہا کہ "جو (بائیڈن) آج کا دن دکھا رہا ہے کہ آپ ایک سچے محب وطن اور عظیم امریکی ہیں۔”



