آئندہ انتخابات:امریکہ کی نائب صدرکاملا ہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سےنمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کرلی
امریکہ کی نائب صدرکاملا ہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات میں صدارتی نامزدگی کے لیے غیر سرکاری طور پر نمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر لی ہے

واشنگٹن(ویب ڈیسک)آئندہ انتخابات:امریکہ کی نائب صدرکاملا ہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سےنمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کرلی۔رپورٹس کے مطابق امریکہ کی نائب صدرکاملا ہیرس نے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے آئندہ انتخابات میں صدارتی نامزدگی کے لیے غیر سرکاری طور پر نمایاں ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے 2200 سے زیادہ ڈیلیگیٹس نے کاملا ہیرس کو بطور صدارتی امیدوار نامزد کرنے کی حمایت کی ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 1976 ڈیلیگیٹس درکار ہوتے ہیں جب کہ کاملا ہیرس درکار اکثریت سے کہیں زیادہ ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر چکی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ 19 سے 22 اگست تک جاری رہنے والے پارٹی کے نیشنل کنونشن میں ہو گا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن آئندہ ماہ ہو گا جس میں اس امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا جسے پانچ نومبر کو صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنا ہے۔
صدر جو بائیڈن کی جانب سے صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی حتمی امیدواروں کے نام فائنل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ صدر بائیڈن نے صدارتی امیدوار کے لیے نائب صدر کاملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔