شوبز

شاہ رخ خان کے نام کا سکہ چل گیا’پیرس میں گونج

کنگ خان کی صلاحیتوں نے اس جملے کو حقیقت کا رنگ دے دیا

لاہور(شوبزڈیسک)کہتے ہیں چمڑے کے سکے تو مغلیہ دور میں نظام سکہ نے اپنی اڑھائی پہر کی حکومت میں چلائے لیکن دور جدید میں پیرس کے مشہور گریون میوزیم نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے اعزاز میں سونے کا سکہ جاری کردیا ہے جس پر کنگ کی تصویر کیساتھ انکا نام بھی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔بلاشبہ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی پوری دنیا میں مداحوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں لاتعداد سپر ہٹ فلمیں دینے کیساتھ ساتھ عاجز مزاجی اور رحم دلی سے لاکھوں فینز کا دل جیتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں گریون میوزیم نے شاہ رخ کے اعزاز میں سونے کا سکہ جاری کیا تھا جس پر حیران کن طور پراداکار کی مکمل تصویر کیساتھ انکا نام موجود تھا۔حال ہی میں اس منفرد سونے کے سکے کی تصویر کنگ خان کے فین پیچ اکائونٹ سے سوشل میڈیا کی زینت بنی جس کے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ اداکار شاہ رخ خان بالی وڈ کی واحد شخصیت ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔

یہ پہلی بار نہیں کہ اداکار کو کسی بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہو بلکہ58سالہ اداکار شاہ رخ خان کا پیرس کے گریون ویکس میوزیم میں موم کا مجسمہ بھی موجود ہے۔واضح رہے کہ لوکارنو فلم فیسٹیول کے مطابق اداکار شاہ رخ خان کو جلد کیریئر اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق اداکار کو یہ ایوارڈز 100سے زیادہ فیچر فلموں پر محیط ہندوستانی سنیما میں ان کے شاندار کیریئر کے سبب دیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوکارنو فلم فیسٹیول کا 77 واں ایڈیشن اگلے ماہ 7اگست سے شروع ہوگا اور 17اگست تک جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ بالی وڈ کے بادشاہ کنگ خان کیلئے گزشتہ سال کافی اچھا ثابت ہوا، انہوں نے2023میں تین بلاک بسٹر فلمیں ”پٹھان،جوان اورڈنکی”سے سینما گھروں میں رونق لگائی۔جبکہ اداکار شاہ رخ خان بہت جلد اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ اگلی فلم کنگ میں جلوہ گرہونے جارہے ہیں۔اس فلم میں سہانا خان اور شاہ رخ خان کے علاوہ ابھیشک بچن کا نام بھی سرفہرست ہے جو ولن کے کردار میں نظر آئیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button