لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کا قتل
جمعہ کی نماز پڑھ کر نکلے جہاں نامعلوم افراد نے 4 گولیاں ماریں

لاہور(کھوج نیوز)لاہور میں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کو قتل کر دیا گیا۔کھوج نیوز کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹائون میں نجی ہسپتال اقراء کمپلیکس کے مالک اور پی ٹی آئی کے بانی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ۔ وہ ٹی ٹی آئی کے ٹکٹ ہو لڈر بھی تھے۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر قتل کیا گیا۔
وقوعہ کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو 4 گولیاں ماریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوئوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی، حملے کے وقت ڈاکٹر شاہد صدیق کے بیٹے اور ڈرائیور بھی ساتھ تھے جو محفوظ رہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی ہے، فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔



