پاکستان

حق کی بات کہنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے،علی محمد خان کا جلسہ سے خطاب

علی محمد نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ تحریک جو عمران خان نے پاکستان کو بچانے کے لیے بنائی تھی، اس تحریک کی خاطر ان کو جیل میں ڈال دیا جائے گا

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا کہ ہم نے ملک سے محبت کی ہے، اگر ملک سے محبت کرنا اور حق کی بات کہنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے۔ اتوار کو پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علی محمد نے کہا کہ عمران خان جیل میں ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ تحریک جو عمران خان نے پاکستان کو بچانے کے لیے بنائی تھی، اس تحریک کی خاطر ان کو جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج مراد سعید اور شہریار ٓفریدی یہاں موجود نہیں ہیں، وہ ملک سے باہر کیوں ہیں، وہ سامنے کیوں نہیں آسکتے، کیا پاکستان سے محبت جرم ہے، کیا وطن کے لیے امن و امان مانگنا جرم ہے، کیا حق کی بات کرنا جرم ہے، اگر یہ جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو اجازت نہیں کہ جنہوں نے اسلام آباد میں حکومت کرنے کے لیے عمران خان کو ووٹ دیا تھا، ہر طرح کے لوگ پارلیمنٹ کے سامنے جاسکتے ہیں لیکن پی ٹی آئی کا ورکروہاں نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کا کیا جرم ہے کہ جب اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان پردباؤ پڑا توعمران خان نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما زرتاج گل نے کہا کہ جس نے دنیا کے سرداروں پر سرداری کی، اس سے اس کے اپنوں اورساتھیوں نےغداری کی، لیکن آج اس کی خاطر تمام ظلم و جبر کے باوجود پورا پاکستان سنگجانی گراؤنڈ اسلام آباد میں اُمڈ آیا ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ جس کو منافقوں نے کہا کہ یہ یہودی ایجنٹ ہے، لیکن اس نے شان رسولﷺ کا مقدمہ لڑا، اس نے ہر جگہ ناموس محمدﷺ کا مقدمہ لڑا، یہاں پر بکرا منڈی لگائی گئی، ضمیر فروشی ہوئی، لیکن اگرکوئی جسے نہیں خرید سکا تو وہ عمران خان کو نہیں خرید سکا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی خودداری کی قیمت چکا رہے ہیں، وہ قوم کی خاطر جیل میں بے گناہ بیٹھے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما شاندانہ گل نے کہا کہ آج کا دن پی ٹی آئی کارکنوں کے لیے جہاد کا دن ہے، آج عمران خان کی سب کو یاد آ رہی ہے۔ آج کا یہ جلسہ نہیں بلکہ یہ عمران خان اور آزادی کا دن ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سنگجانی کے مقام پرجلسہ عام کا آغاز ہو گیا ہے، جلسہ کا آغاز ایڈووکیٹ نعیم حیدر پنجوتھہ کی خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی  صداؤں سے ہو گیا ہے۔

اس سے قبل اتوار کو سنگجانی کے مقام پر ہونے والے جلسہ کے مرکزی اسٹیج پرپی ٹی آئی کی مرکزی قیادت جمع ہو گئی ہے، جلسہ میں بڑی اسکرینیں بھی لگا دی گئی ہیں۔ جلسے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایڈووکیٹ نعیم حیدر پنجوتھہ نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button