پریانکا کی دیورانی صوفی ٹرنر کو5برس بعد طلاق ‘عدالتی فیصلہ آ گیا
فلوریڈا کے جج نے جو جونس اور صوفی کو طلاق یافتہ اور آزاد قرار دے دیا

لاہور(شوبزڈیسک)امریکی گلوکار نک جونس کے بڑے بھائی جو جونس اور صوفی ٹرنر کے درمیان باضابطہ طور پر طلاق ہوگئی۔سال 2023 میں جو جونس اور صوفی ٹرنر کے کشیدہ حالات اس وقت خبروں کی زینت بنے جب پریانکا چوپڑا اور صوفی ٹرنر نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر اَن فالو کیا۔بعدازاں جو جونس اور انکی اہلیہ کے مابین بڑھتی کشیدگی نے اس جوڑے کے درمیان طلاق کی افواہوں کو جنم دیا۔ میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ اداکارہ صوفی ٹرنر اور جو جونس کی پانچ سالہ شادی طلاق پر ختم ہوگئی ہے جس کے بعد یہ جوڑا علیحدگی اختیار کرگیا ۔

دریں اثنا، سوفی ٹرنر اور جو جونس کے درمیان بچوں کی تحویل کے حوالے سے بھی معاملات طے کیے گئے۔معاہدے کے مطابق بچے 9 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک اپنی ماں کے ساتھ رہیں گے اور کرسمس ان کے ساتھ منائیں گے۔اس کے بعد انہیں ان کے والد جو جونس کے پاس لایا جائے گا اور 21 اکتوبر سے 2 نومبر تک ان کے ساتھ رہیں گے۔ دونوں بیٹیاں اپنے والد کے ساتھ تھینکس گیونگ بھی منائیں گی۔
اس خبر کے بعد اگرچہ یہ جوڑا طویل خاموشی اختیار کیے نظر آیا تاہم حال ہی میں فلوریڈا کے ایک جج نے انکی باضابطہ طلاق کرواکر انہیں ایک دوسرے کیلئے مکمل طور پر آزاد قرار دے دیا۔ ان کے درمیان شریکِ حیات کی مدد، اثاثوں کی تقسیم، اور اپنی بیٹیوں کی تحویل پر ایک خفیہ معاہدے کی منظوری دی ہے۔اطلاعات کے مطابق میامی-ڈیڈ کائونٹی کے جج نے خفیہ معاہدے پر دستخط کیے جس میں 35 سالہ جو جونس نے 28 سالہ برطانوی اداکارہ سے پانچ سالہ شادی کا اختتام کیا۔
کہا جارہا ہے کہ یہ طلاق جو ابتدا میں ایک طویل اور متنازع قانونی جنگ کی طرف جاتی نظر آ رہی تھی، نسبتاََخاموش اور تیزی سے مکمل ہو گئی جس میں اس سابق جوڑے کی 4 سالہ بیٹی ویلا اور 2 سالہ ڈیلپھین کی پرورش، اثاثوں کی تقسیم، شریکِ حیات کی مدد، اور تحویل کے انتظامات پر متفق ہونے میں کامیابی حاصل کی۔یاد رہے کہ جو جونس اور صوفی ٹرنر کی محبت کی کہانی 2016 میں اس وقت شروع ہوئی جب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے سے رابطہ کیا بعدازاں ان کی یہ دوستی تیزی سے ترقی کرتی گئی اور انہوں نے مئی 2019 میں لاس ویگاس میں خفیہ طور پر شادی کر لی۔
بعدازاں ستمبر 2023 میں، جو جونس نے طلاق کے لئے درخواست دی اور اپنی بیٹیوں کی مشترکہ تحویل کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی انہوں نے قانونی دستاویز میں ایک قبل از شادی معاہدے کا ذکر کیا۔ درخواست دینے کے اگلے دن، جو جونس اور صوفی ٹرنر نے سوشل میڈیا پر ایک جیسے بیانات پوسٹ کیے، جس میں انہوں نے اپنے پیروکاروں کو یقین دلایا کہ علیحدگی دوستانہ ہے۔تاہم، کچھ ہفتے بعد تنا ئوبڑھ گیا جب ٹرنر نے ایک مقدمہ دائر کیا جس میں جو جونس سے بچوں کے پاسپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے آبائی ملک انگلینڈ جا سکیں۔