یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق،اسرائیل کا دعویٰ جھوٹ کا پلندہ نکلا
حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یحییٰ سنوار رفح کے شہر تال السلطان میں اسرائیلی فوج سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں

یروشلم(ویب ڈیسک) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یحییٰ سنوار رفح کے شہر تال السلطان میں اسرائیلی فوج سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے ہیں۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے یحییٰ سنوار کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کر کے شہید نہیں کیا۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ بدھ کے روز دوپہر 2 سے 3 بجے کے درمیان اسرائیلی فوج کا بسلاچ بریگیڈ ٹریننگ یونٹ رفح کے شہر تل السلطان میں معمول کی گشت پر تھا۔ معمول کے اس گشت کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 3 مسلح جنگجوؤں کو عمارتوں کے درمیان حرکت کرتے دیکھا۔ جس کے بعد اسرائیلی فوج نے ڈرونز کی مدد سے جنگجوؤں کے مقام کی نشاندہی کی اور پھر جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 جنگجو شہید ہوئے جبکہ 1 جنگجو زخمی حالت میں تباہ شدہ عمارت میں چلا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ڈرون کو زخمی جنگجو کے پیچھے تباہ شدہ عمارت میں بھیجا تو زخمی جنگجو دھول مٹی سے بھرے ایک صوفے پر بیٹھا ہوا تھا اور اس نے اپنا سر اور چہرہ کپڑے سے لپیٹا ہوا تھا۔ جب تباہ شدہ عمارت میں اسرائیلی فوج نے زخمی جنگجو کو ڈرون کی مدد سے ڈھونڈ لیا تو ٹینک سے عمارت پر بم باری کر دی جس کے نتیجے میں فائرنگ کے دوران زندہ بچ جانے والا زخمی جنگجو بھی شہید ہو گیا۔