سلمان خان کےبعد بالی ووڈ کےکنگ اداکارشاہ رخ خان کو بھی دھمکی آمیز پیغامات
نامعلوم شخص کیجانب سے شاہ رخ خان کیلئے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد باندرہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے

ممبئی(شوبز ڈیسک) بھارتی اداکار سلمان خان کے بعد بالی ووڈ کے کنگ اداکار شاہ رخ خان کو بھی دھمکی موصول ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص کیجانب سے شاہ رخ خان کیلئے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد باندرہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کال ٹریسنگ سے معلوم ہوا کہ پولس کو یہ دھمکی آمیز کال چھتیس گڑھ کے علاقے رائے پور میں کسی فیضان خان نامی شخص کے فون سے موصول ہوئی تھی۔
حکام کیجانب سے رائے پور پولیس کو واقعہ کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کی ہدایت دیدی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کال کرنے والے شخص نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور عدم ادائیگی کی صورت میں انہیں نقصان پہنچانے کی دھمکی دی ہے۔ پولیس نے کالر سے اسکی شناخت اور علاقے کے بارے میں پوچھا تو جواب میں اُس نے کہا کہ ‘مجھے ہندوستانی کہو’۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کو گزشتہ سال اکتوبر میں بھی جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی کو ‘وائے پلس’ لیول تک بڑھا دیا گیا تھا۔ جسکے بعد سے شاہ رخ خان کے ساتھ 6 مسلح سیکیورٹی اہلکار 24 گھنٹے موجود رہتے ہیں، اِس سے پہلے اُن کے ساتھ 2 مسلح سکیورٹی اہلکار موجود رہتے تھے۔
شاہ رخ خان کو یہ تازہ دھمکی ایسے وقت میں موصول ہوئی ہے جب بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے اداکار سلمان خان کو بشنوئی گینگ کیجانب سے متواتر جان لیوا دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔ بشنوئی گینگ کے سلمان خان سے تنازع کا سرا 1998 کے ایک واقعے سے ملتا ہے جس میں سلمان خان نے مبینہ طور پر 2 کالے ہرن کا شکار کر کے انہیں ہلاک کر دیا تھا، یہ نسل بشنوئی برادری کے لیے مقدس سمجھی جاتی ہے۔