خیبرپختونخوا:فوج کےقافلے پرحملہ،آٹھ اہلکار ہلاک،سات کو اغوا کرلیا گیا
فوج کا یہ قافلہ انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کے بعد واپس اپنے اڈے کی جانب لوٹ رہا تھا

اسلام آباد(کھوج نیوز) افغانستان کی سرحد کے قریب فوج کے ایک قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں حکام کے مطابق آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔خبر رساں ادارے وائس آف امریکہ کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی سرحدی ضلعے خیبر میں فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔رپورٹس کے مطابق فوج کا یہ قافلہ انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کے بعد واپس اپنے اڈے کی جانب لوٹ رہا تھا۔متعدد سیکیورٹی حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق اس حملے میں تین فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
سیکیورٹی حکام نے میڈیا سے بات کرنےکی اجزات نہ ہونے کے سبب نام ظاہرنہ کرنےکی شرط پرمزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد ہونے والی جھڑپ میں متعدد حملہ آوربھی ہلاک ہوئے ہیں۔ پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی نے اس حوالے سےکوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔بنوں میں پولیس کی ایک چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کرکے سات اہلکاروں یرغمال بنالیا ہے۔پولیس حکام کا دعوی ہے کہ اہلکاروں کی بازیابی کےلیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر اور بنوں سمیت کئی اضلاع دہشت گردی کا شکار ہیں اور ان علاقوں میں عسکریت پسند حملے کرتے رہتے ہیں۔اکثر ان حملوں کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)یا اس سے جڑے گروپ قبول کرتے ہیں۔
 
				


