پرتھ ٹیسٹ، بھارتی ٹیم 150رنز پر ڈھیر، بمراہ کی شاندار بائولنگ، آسٹریلین بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی
جسپریت بمراہ نے شاندار گیندبازی کی اور مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں' انہوں نے عثمان خواجہ، نیتھن میک سوینی، اسٹیو اسمتھ اور پیٹ کمنز کی وکٹیں لیں

پرتھ (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم 150رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ بمراہ کی بائولنگ کے آگے آسٹریلین بیٹنگ لائن بھی لڑکھڑا گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی کا آغاز ہو گیا ہے جس کے سلسلے میں پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جا رہا ہے۔ پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 150 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے بھارت یہ میچ ہار چکی ہے لیکن ایسا نہیں ہوااور آسٹریلیا نے جسپریت بمراہ کی شاندار باؤلنگ کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے اور اس کی ٹیم پہلے دن کے کھیل میں سات وکٹوں پر صرف 67 ہی رنز بنا سکی۔
جسپریت بمراہ نے شاندار گیندبازی کی اور مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے عثمان خواجہ، نیتھن میک سوینی، اسٹیو اسمتھ اور پیٹ کمنز کی وکٹیں لیں۔ سب سے پہلے انہوں نے نوجوان بلے باز نیتھن میک سوینی کو ایل بی ڈبلیو آٹ کیا۔ وہ صرف 10 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد بمراہ نے عثمان خواجہ کو پویلین بھیج دیا۔ کوہلی نے خواجہ کا کیچ لیا۔ اس کے علاوہ بمراہ نے اسمتھ اور کپتان پیٹ کمنز کو بھی پویلین بھیجا۔ اسمتھ نے اپنی وکٹ 6.5 ویں اوور میں گنوائی ۔ وہ صفر پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد پیٹ کمنز بھی فلاپ ہو گئے۔ کمنز 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس طرح آسٹریلیا کی ٹیم پہلے دن کے کھیل میں صرف 67 رنز بنا سکی۔ دوسرے دن آسٹریلیا 67 رنز سے اننگز کا آغاز کرے گا۔