پاکستان

بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی اورعلیمہ خان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

عمران خان، بشری بی بی اور علیمہ خان سمیت دیگر افراد کیخلاف تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے

ٹیکسلا(کھوج نیوز)بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی اورعلیمہ خان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج،رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشری بی بی اور علیمہ خان سمیت دیگر افراد کیخلاف تھانہ ٹیکسلا میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں عارف علوی، اسد قیصر، علی امین، شہریار ریاض اور حماد اظہر بھی نامزد کیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک اںصاف کی اعلی قیادت سمیت سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ اور ہمشیرہ کیخلاف ٹیکسلا تھانے میں درج مقدمے میں اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت تعزیرات پاکستان کی دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔


ٹیکسلا تھانے میں درج مقدمے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علیمہ خان کے ذریعہ عوام کو 24 نومبر کے احتجاج کا پیغام دیا جبکہ بشری بی بی نے 19 نومبر کے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے خلاف قانون مجمع اکھٹا کر کے کار سرکار میں مداخلت کی اور پر تشدد احتجاج کرکے شہریوں کی زندگیوں کا خطرے میں ڈالا اور جلا گھیرا کیا، ملزمان نے ریاستی اداروں کیخلاف نعرے بازی کرکے عوام میں خوف وہراس پھیلایا۔


واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے احتجاج اور تشدد سے متعلق 13 مقدمات اسلام آباد کے تھانوں سیکرٹریٹ، سی ٹی ڈی، رمنا، سنگجانی، گولڑہ، کراچی کمپنی، ترنول، سنبل، نون، انڈسٹریل ایریا، کوہسار اور آبپارہ تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔حسن ابدال میں ایک اور مقدمہ عمران خان، عظمی خان، علیمہ خان، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم، شوکت بسرا، زین قریشی، نعیم حیدر، اعظم سواتی، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، کے پی اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی، صوبائی وزیر عاقب خان اور وزیر زادہ کے علاوہ 11 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ 3000 سے زائد مظاہرین کیخلاف بھی درج کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button