امریکا میں پیدا ہونے والےبچوں کی شہریت داؤ پر لگ گئی،نومنتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان
ٹرمپ نےاعلان کیا ہےکہ وہ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کےبعد حکومتی انتظامات میں بڑی تبدیلیاں کریں گےجن میں پیدائشی امریکی شہریت کا خاتمہ بھی شامل ہے

واشنگٹن(ویب ڈیسک)امریکا میں پیدا ہونے والےبچوں کی شہریت داؤ پر لگ گئی،نومنتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان سامنے آگیا۔رپورٹ کے مطابق امریکا کےنومنتخب صدرڈونلڈ ٹرمپ نےاعلان کیا ہےکہ وہ 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کےبعد حکومتی انتظامات میں بڑی تبدیلیاں کریں گےجن میں پیدائشی امریکی شہریت کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ خیال رہےکہ امریکا دنیا کےان چند ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہےجہاں والدین کی شہریت کسی بھی ملک کی ہو لیکن اگران کا بچہ امریکا میں پیدا ہوگا تو اس بچےکو فوری امریکی شہریت مل جاتی ہے۔
اسی سبب دنیا بھر سےبہت سے متمول افراد صرف بچوں کی پیدائش کےمقصد سےبھی امریکا کا رخ کرتےہیں تاکہ ان کی اولادبغیرکسی پریشانی کےدنیا کےسب سےطاقتورملک کی شہری بن جائے۔ تاہم امیگریشن قوانین کو سخت کرنے کےحامی نو منتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہےکہ انہیں امریکا میں موجود تمام غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدرکرنے اور پیدائشی شہریت ختم کرنےسمیت انتخابی مہم کےکیےگئے تمام وعدوں کو فوری پورا کرنا ہوگا۔
اس سوال کےجواب میں کہ کیا وہ اپنی مدت کےدوران اگلے 4 سال میں غیرقانونی طورپرمقیم افراد کو ملک بدرکرنے کا ارادہ رکھتےہیں توانہوں نے جواب دیا ’ایسا کرنا پڑے گا‘۔ ٹرمپ نےاس بات پر زوردیا کہ ہم امریکی آئین میں درج پیدائشی شہریت کو ختم کردیں گے، اگر ہم صدارتی حکم نامے کے ذریعے ایسا کرسکتے ہیں تو کریں گے۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران بھی متعدد بار پیدائشی شہریت کا حق دینے پر تنقید کر چکے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ امریکی سرزمین میں پیدا ہونے والے کسی بھی بچے کو خود بخود امریکی شہریت کا اہل قرار دینے سے متعلق ضوابط تبدیل ہونا چاہیے۔