پی ٹی آئی کے نئے سرے سے احتجاج کی تیاریاں، کس کس کو ذمہ داریاں دی گئیں
تحریک انصاف اپنے جائز مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی جس میں چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی، عمران خان سمیت بے گناہ سیاسی کارکنوں کی رہائی اور ملک میں رول آف لاء کی بحالی شامل ہیں

پشاور (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے نئے سرے سے احتجاج کی تیاریاں شروع کر دیں کس کس کو کیا کیا ذمہ داریاں دی گئیں؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا مقدمہ پارلیمنٹ کے اندر اٹھانا چاہتی ہے مگر ان کی لیڈرشپ اور کارکنوں کے اوپر بے تحاشہ جعلی مقدمات درج ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے لیڈر شپ اور کارکنوں کو عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اسٹینڈ لیا گیا کہ حکومت کچھ بھی کر لے تحریک انصاف اپنے جائز مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی جس میں چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی، عمران خان سمیت بے گناہ سیاسی کارکنوں کی رہائی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور ملک میں رول آف لاء کی بحالی شامل ہیں۔ غیر رسمی اجلاس میں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز، سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی، رکن قومی اسمبلی آصف خان اور رکن قومی اسمبلی محمد احمد چھٹہ موجود تھے۔